Friday , October 19 2018
Home / کھیل کی خبریں / پیٹرسن کابین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کا فیصلہ

پیٹرسن کابین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کا فیصلہ

دبئی۔21 فبروری(سیاست ڈاٹ کام ) سابق انگلش بیٹسمین کیون پیٹرسن نے کل شروع ہونے والے پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کے بعد کرکٹ کیریئر ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔پیٹرسن ایونٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے اور انہوں نے گزشتہ دو ایڈیشنز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔2005 کی ایشز سیریز میں اپنے کرئیر کا آغاز کرنے والے کیون پیٹرسن جارحانہ بیٹنگ اور اپنے بالوں کے منفرد اندازکی بدولت اپنے کیریئر کے پہلے ہی میچ سے شائقین کو اپنا گرویدہ بنا لیا تھا تاہم انگلش کرکٹ بورڈ سے ان کے تعلقات کے کبھی بھی سازگار نہ رہے اور عمدہ کارکردگی کے باوجود بورڈ سے ان کے مراسم ہمیشہ ہی اتار چڑھاؤ کا شکار ہے۔انہوں نے 104 ٹسٹ مقابوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 47.28 کی اوسط سے 8181رنز بنائے نیز انہوں نے 136 ونڈے اور 37 ٹی20 میچوں میں بھی انگلش ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔تاہم 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز میں 5-0 سے بدترین کلین سوئپ شکست کے بعد بورڈ نے ان پر بین الاقوام کرکٹ کے دروازے بند کردیے لیکن پیٹرسن نے ٹی20 لیگز میں عمدہ کھیل سے شائقین کو محظوظ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کھیل کر بہت لطف اندوز ہوئے اور میں ان لمحات کو کبھی فراموش نہیں کروں گا، اس وقت میں ایک پیشہ ور کرکٹر ہوں لیکن چند ہفتوں بعد شاید میرے کیریئر کا باب ہمیشہ کیلئے بند ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہو گی کہ پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنے آخری ایونٹ کو یادگار بناؤں اور ہدف کے حصول کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز جمعرات کو ہورہا ہے اور کوئٹہ کی ٹیم 23 فروری کو کراچی کنگز کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT