Tuesday , November 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / پی ایس ایل : شرجیل کی سنچری، اسلام آباد کی فائنل میں رسائی

پی ایس ایل : شرجیل کی سنچری، اسلام آباد کی فائنل میں رسائی

فیصلہ کن پلے آف میں آفریدی کی پشاور ٹیم کو 50 رنز سے شکست ۔ خطاب کیلئے اسلام آباد اور کوئٹہ کے مابین مقابلہ ہوگا
دبئی ، 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اسلام آباد یونائیٹڈ نے شرجیل خان کی سنچری کے بدولت تیسرے اور آخری پلے آف میں پشاور زلمی کو 50 رنز سے شکست دے کر پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میں جگہ بنا لی جہاں ان کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔ دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اہم میچ میں پشاور زلمی کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شرجیل خان اور ڈیوان اسمتھ نے اننگز کا آغاز کیا تو شرجیل خان نے چوکوں اور چھکوں سے اسکور کو برق رفتاری سے آگے بڑھایا لیکن دوسری طرف سے اسمتھ سست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے رہے۔ دونوں اوپنروں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 108 رنز بنائے۔ اسمتھ نے 37 گیندوں کا سامنا کیا اور صرف 19 رنز بنا سکے۔ شان ٹیٹ نے اگلی گیند میں براڈ ہاڈین کو صفر پر آؤٹ کرکے پشاور کو ایک اور کامیابی دلادی لیکن شرجیل نے خالد لطیف کے ساتھ مل کر اپنی دھواں دھار بلے بازی کو جاری رکھا اور پی ایس ایل میں پہلی انفرادی سنچری مکمل کی۔ شرجیل اور خالد نے تیسری وکٹ میں 63 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور کو 171 تک پہنچا دیا اور آخری اوور میں شرجیل رن لینے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے اور یوں ان کی شاندار اننگز اختتام کو پہنچی۔ شرجیل نے 62 گیندوں کا سامنا کیا اور 12 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پشاور زلمی کے کپتان آفریدی اور ڈارن سامی سمیت دیگر کھلاڑیوں نے آگے بڑھ کر انھیں داد دیتے ہوئے رخصت کیا۔ خالد لطیف 28 رنز بنا کر وکٹ پر کھڑے رہے جبکہ اینڈرے رسل کو کھیلنے کا موقع نہیں ملا اور وہ صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔ پشاور کی جانب سے شان ٹیٹ نے دوکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مقررہ ٹارگٹ کے تعاقب میں پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور ڈیوڈ مالان نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ ڈیوڈ مالان کی صورت میں گری، جب وہ 7 رنز بنا کر 24 کے اسکور پر سیموئیل بدری کی گیند پر ہاڈین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کامران اکمل نے کچھ مزاحمت کی اور محمد حفیظ کے ساتھ مل کر اسکور کو 59 تک پہنچایا مگر 66 کے اسکور پر خود بھی آؤٹ ہوگئے۔ محمد حفیظ نے 8 رنز بنائے جبکہ کامران اکمل نے 45 رنز کی اننگز کھیلی اور ہاڈین کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوکر پویلین کی راہ لی۔ براڈ ہاج ایک دفعہ پھر پشاور کیلئے اچھی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 11 گیندوں پر صرف 5 رنز بنا کر عمران خالد کا شکار بنے۔ اس وقت پشاور زلمی کا اسکور 80 رنز تھا۔ ہاج کے آؤٹ ہوتے ہی زلمی کے بلے باز شدید دباؤ میں آگئے اور یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے رہے۔ سامی 9، شاہد یوسف 4 اور وہاب ریاض ایک رن بنا کر مشکل وقت میں کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے۔ حسن علی 105 کے اسکور پر ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آفریدی 2 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد محمد اصغر نے پشاور زلمی کو ہار کیلئے زیادہ وقت نہیں دیا اور اگلی ہی گیند پر آؤٹ ہو کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو فائنل میں پہنچادیا۔ اسلام آباد کی جانب سے عمران خالد نے 4 اور رسل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ شرجیل خان کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ آفریدی نے شرجیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن شرجیل کا رہا۔ انھوں نے اچھی اننگز کھیلی اور بڑا اسکور ترتیب دیا اور انھیں اس کا انعام ضرور ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ ٹیم کے کھلاڑیوں نے پورے ٹورنمنٹ میں اچھا کھیلا اور ہماری توقعات سے بڑھ کر نتائج ملے اور لوگوں کی بھرپور مدد ہمارے ساتھ رہی۔ قبل ازیں پشاورزلمی نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی۔ جانی بیرسٹو کی جگہ ڈیوڈ مالان کو اہم میچ میں شامل کیا گیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے دوسرے پلے آف میں کراچی کنگز کو بہ آسانی 9 وکٹوں سے شکست دی تھی اور فائنل میں پہنچنے کیلئے انھیں یہ تیسرا پلے آف جیتنا ضروری تھا۔ دوسری جانب پشاورزلمی کو پہلے پلے آف میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی جانب سے سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد انھیں فائنل میں رسائی کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ کا سامنا ہوا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT