Wednesday , December 13 2017
Home / کھیل کی خبریں / پی ایس ایل فائنل لاہور میں کھیلنے والوں کیلئے اضافی رقم

پی ایس ایل فائنل لاہور میں کھیلنے والوں کیلئے اضافی رقم

پہلے ایڈیشن کی یو اے ای میں کامیابی کے بعد پی سی بی کے حوصلے بلند ۔ مزید عالمی اسٹارز لیگ کا حصہ بنیں گے : نجم سیٹھی
کراچی ، 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے پاکستان سوپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں منعقد کرانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آ کر کھیلنے والے کھلاڑیوں کو اضافی رقم دی جائے گی۔ گزشتہ روز لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں پاکستان سوپر لیگ کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن کا فائنل لاہور میں کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اس کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کو دعوت بھی دی گئی ہے۔ سیٹھی نے کھلاڑیوں کو پاکستان میں کھیلنے کیلئے تیار کرنے کیلئے اضافی رقم کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آ کر کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو اضافی معاوضہ ملے گا۔ پاکستان سوپر لیگ کا افتتاحی ایڈیشن رواں سال متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوا تھا جس نے عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کی اور ماہرین کرکٹ نے کہا کہ یہ مستقبل میں انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے بعد دنیا کی دوسری بڑی لیگ ثابت ہو گی۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کیلئے الگ پیاکیج تیار کیا جارہا ہے اور آخری میچ لاہور میں کھیلنے کی صورت میں انہیں اضافی رقم دی جائے گی۔ میچ کے انعقاد کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں 14 کمرے تیار کروائے جارہے ہیں تاکہ لاہور میں فائنل کی صورت میں کھلاڑیوں کو این سی اے میں ہی ٹھہرایا جائے کیونکہ ہوٹل آنے جانے میں مسئلہ ہوتا ہے۔ سیٹھی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سے بات ہوئی اور ان سے درخواست کی گئی کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کروانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا: ’’ میں نے شہباز شریف سے کہا تھا کہ اگر آپ تیار نہیں ہیں تو ہم یہ فائنل کراچی میں کروا لیتے ہیں لیکن انھوں نے کہا کہ پی سی بی ہیڈ کوارٹر لاہور میں ہے تو فائنل یہیں ہونا چاہئے۔‘‘ پہلے ایڈیشن کی شاندار کامیابی کے بعد پاکستان ایونٹ کے دوسرے ایڈیشن میں مزید عالمی کھلاڑیوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے اور برینڈن مک کلم، اوئن مورگن اور لاستھ ملنگا سمیت دیگر کھلاڑی بھی لیگ میں شرکت کا اعلان کر چکے ہیں جبکہ مزید اسٹار کرکٹرز کی شرکت کا بھی امکان ہے۔

TOPPOPULARRECENT