Thursday , November 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم کے اضافہ کی کوشش

پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم کے اضافہ کی کوشش

کراچی۔21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ لیگ میں چھٹی ٹیم کے اضافہ کے لئے غور کیا جا رہا ہے جبکہ لیگ کے دوسرے سیزن کا انعقاد فروری 2017 میں دبئی اور شارجہ میں ہی ہوگا۔ میڈیا  سے خصوصی گفتگو میں نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام اور خود انھوں نے دبئی اور شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کی انتظامیہ سے ملاقات میں معاملات کو حتمی شکل دی ہے۔پی سی بی اگیزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ اور لیگ کے چیئرمین نے کہا کہ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں چھٹی ٹیم کی شمولیت پر بھی غور کیا جارہا ہے لیکن اس کا انحصار موجودہ پانچ فرنچائزوں کی رائے پر ہوگا۔ پی ایس ایل کے پہلے سیزن میں چاروں صوبوں اور اسلام آباد پر مشتمل پانچ ٹیمیں شامل تھیں جہاں کھلاڑیوں کا انتخاب برابری کی بنیاد پر ڈرافٹنگ کے ذریعہ کیا گیا تھا۔ پی ایس ایل کے پہلے کامیاب ایڈیشن کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے لئے ویزا ہوگی اور مستقبل میں ٹیموں کے اضافے پر غور کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ وہ اپنے بیان کے مطابق کوشش کررہے ہیں کہ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے ایک یا دو میچوں کا انعقاد پاکستان میں ممکن ہوسکے۔ لیگ میں ہندوستان کے علاوہ دنیائے کرکٹ کی صفِ اول ٹیموں کے نامور کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا اور کریس گیل سمیت کئی کھلاڑیوں نے پی ایس ایل کو پاکستان کی بجائے متحدہ عرب امارات میں منعقد کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔ پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کے باعث پی ایس ایل کو متحدہ عرب امارات میں منعقد کرنے کے حوالے سے گیل نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ہر کھلاڑی اور مداحوں کے لئے دلخراش بات ہے۔ نیزمجھے پاکستان کے کرکٹ سے محبت کرنے والے لوگوں سے ان کے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی کمی پر ہمدردی ہے، مجھے امید ہے کہ مستقبل قریب میں پی ایس ایل کا انعقاد پاکستان میں ہو گا۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ پی سی بی گورننگ بورڈ کے آئندہ اجلاس میں پاکستان سوپر لیگ کی مکمل مالی تفصیلات فراہم کردی جائے گی جس میں پہلے ایڈیشن کے اچھے منافع کا مکمل تفصیلات ہوں گی۔ پی ایس ایل کا پہلا سیزن ٹسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیت لیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT