Thursday , December 14 2017
Home / کھیل کی خبریں / پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں مزید بیرونی کھلاڑی

پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں مزید بیرونی کھلاڑی

کراچی ۔16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈیرن براوو، لوک رونچی اور ایلبی مورکل سمیت کئی معروف بیرونی کھلاڑیوں کے پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کا حصہ بننے کا اعلان کردیا۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بنگلہ دیش کے مستفیظ الرحمٰن، ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر اور انگلینڈ کے جیمز وِنس اور ٹِم بریسنین پی ایس ایل کا حصہ بننے والے نئے کھلاڑی ہوں گے۔بیان کے مطابق جنوبی افریقہ کے مڈل آرڈر اسٹار جے پی ڈومینی بھی اپنی ٹیم کے ساتھیوں وائن پارنیل اور اسپنر عمران طاہر کے ہمراہ پی ایس ایل میں شامل ہوں گے۔سری لنکا کے سابق کپتان اینجلو میتھیوز، نیوزی لینڈ کے لوک رونچی، کولِن مْنرو اور مچل مک کلینگن بھی ’پی ایس ایل‘ کے تیسرے ایڈیشن کا حصہ بننے والے بین الاقوامی کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ یہ پی ایس ایل میں توسیع کا سال ہے اس لیے ہم اسے گزشتہ دو سیزنز سے بڑا اور بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔پی سی بی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ لیگ کی ٹیمیں اب اپنے اسکواڈ کے لیے پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈ کٹیگریز میں ایک، ایک کھلاڑی کا انتخاب کریں گی، سلور کٹیگری سے دو، ایمرجنگ سے دو جبکہ دیگر چار کھلاڑیوں کا سپلیمنٹری راؤنڈ میں انتخاب کیا جائے گا۔پی ایس ایل کا پہلی مرتبہ حصہ بننے والے کھلاڑی ان کھلاڑیوں میں شامل ہوجائیں گے، جنہیں تیسرے ایڈیشن کے ڈرافٹ پول میں ان کی متعلقہ ٹیموں نے ریلیز کردیا تھا، جس کے بعد ان کا اب تک کسی نے انتخاب نہیں کیا۔رواں سال پی ایس ایل کا حصہ بننے والے دیگر بیرونی کھلاڑیوں میں ایون لیوِز، لینڈل سِمنز، کرس لین، راشد خان، عادل رشید اور مچل جانسن شامل ہیں۔پلیئرز کی ڈرافٹنگ کا عمل رواں ماہ کے آخر میں ممکن ہے، جبکہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز آئندہ سال فروری میں ہوگا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT