Friday , April 27 2018
Home / کھیل کی خبریں / پی ایس ایل 2018 کی سکیورٹی انتظامات اطمینان بخش:ڈیکاسن

پی ایس ایل 2018 کی سکیورٹی انتظامات اطمینان بخش:ڈیکاسن

کراچی۔12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )بیرونی سیکیورٹی مبصرین نے پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) 2018 کے فائنل میچ کے لیے سیکیورٹی کے انتظامات کو اطمینان بخش قرار دے دیا۔نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل تھری کے فائنل کے لیے فل ڈریس ریہرسل کی گئی جس میں پولیس، رینجرز اور فوج کے جوانوں نے حصہ لیا جن کی تعداد 8 ہزار سے 10 ہزار تک تھی۔فل ڈریس ریہرسل کے پہلے مرحلے میں سیکیورٹی اہلکار کراچی کے قائدِ اعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نجی ہوٹل تک ریہرسل کی اور ہوٹل سے نیشنل اسٹیڈیم تک کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔اسٹیڈیم پہنچنے کے بعد سیکیورٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں بیرونی سیکیورٹی مبصرین کو تفصیلات فراہم کی گئی۔اس دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات بھی کیے گئے، جبکہ اسٹیڈیم کے اطراف میں پولیس رینجرز اور آرمی کے اعلی عہدیدار بھی موجود رہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سیکیورٹی سربراہ کرنل (ر) اعظم نے بیرونی مبصرین کو سیکیورٹی کے حوالے سے تفصیلات دی، جبکہ کمانڈوز نے گراؤنڈ کے اندر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایکشن بھی کرکے دکھایا۔ مبصر ریگ ڈیکاسن نے نیشنل اسٹیڈیم میں قائم کیے جانے والے کنٹرول روم اور موبائل ہسپتال کا دورہ کیا جس بعد انہوں نے تمام تر سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ریگ ڈیکاسن نے کہا کہ وہ پی ایس ایل 2018 کے فائنل کے لیے سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں تاہم وہ اس کی رپورٹ 7 روز میں پی سی بی کو پیش کریں گے۔انہوں نے پی ایس ایل تھری کے فائنل کو کراچی میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے اہم قدم قرار دیا۔کراچی میں تمام انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد بیرونی سیکیورٹی مبصرین کا قافلہ لاہور کے لیے روانہ ہوگیا جہاں پر پلے آف مقابلوں کے لیے سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔دریں اثناء پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ جب بیرونی کھلاڑیوں سے معاہدہ کیا گیا تو ان سے یہ بھی معاہدہ کیا گیا تھا کہ اگر ان کی ٹیم ایونٹ کے پلے آف مقابلوں اور فائنل مقابلے کے لیے کوالیفائی کرتی ہے تو انہیں پاکستان آنا ہوگا۔بیرونی کھلاڑیوں کے پاکستان آنے میں مسائل ہوسکتے ہیں تاہم اس کے لیے ’بیک اپ پلان‘ تیار کیا گیا ہے تاکہ ایونٹ میں ان کھلاڑیوں کی بھی شرکت یقینی بنائی جاسکے۔پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 22 فروری کو ہوگا ۔

TOPPOPULARRECENT