Monday , August 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / پی ایس ایل 3 کا فائنل کراچی میں ہوگا:نجم سیٹھی

پی ایس ایل 3 کا فائنل کراچی میں ہوگا:نجم سیٹھی

کراچی۔6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے سیزن کا فائنل کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔چیئرمین پی سی بی نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسٹیڈیم میں جاری پی ایس ایل فائنل کی تیاریوں کے لیے کاموں کا جائزہ لیا جبکہ اس دوران انہیں اس حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے باہر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کے لئے ٹکٹس 15 مارچ سے دستیاب ہوں گے۔ابھی تک ٹکٹ کی قیمتوں کے حوالے سے کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا لیکن ممکنہ طور پر ٹکٹوں کی قیمتیں ایک ہزار سے 12ہزار کے درمیان ہوں گی۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں تزین و آرائش کے کاموں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہم نے نیشنل اسٹیڈیم میں 18، 18 گھنٹے کام کیا اور اسٹیڈیم میں زیادہ تر کام مکمل ہوگیا ہے۔نجم سیٹھی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل مقابلہ کراچی میں ہی منعقد ہوگا، فائنل کراچی میں نہ ہوسکا تو کہیں بھی نہیں ہوگا۔ وہ دوبارہ 15 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کریں گے، تاہم میڈیا اس حوالے سے صبر کرے فائنل کراچی میں ہی ہوگا۔نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کا کراچی میں انعقاد کرنا پاکستان کے مفاد کا مسئلہ تھا تب ہی اتنی تیزی سے یہاں کام ہوا، اگر یہ ایسا نہ ہوتا تو پھر انتظامی خط و کتابت میں ہی 2، 3 سال گزر جاتے۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے کے لیے دیگر بیرونی کھلاڑی بھی پاکستان آنے کے لئے تیار ہیں اور پاکستان میں سیکیورٹی سے مطمئن ہیں۔ بین الاقوامی سیکیورٹی ماہرین کی جانب سے حالیہ پی ایس ایل فائنل کے لیے ہونے والی سیکیورٹی ریہرسل کی بہت ہی مثبت رپورٹ لکھی گئی ہے جس کی روشنی میں غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آکر کھیلنے پر رضا مندی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ماہرین کی یہ رپورٹ دنیا کے تمام بورڈز کو ارسال کی گئی ہے، جس کے تحت کراچی اور لاہور میں میچز کے لیے گرین سگنلز مل گیا۔خیال رہے کہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے دو پلے آف مقابلے 20 اور 21 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جبکہ فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT