Friday , November 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / پی سی بی کا ’پاکستان کپ‘ کے انعقاد کا اعلان

پی سی بی کا ’پاکستان کپ‘ کے انعقاد کا اعلان

کراچی۔12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے ’پاکستان کپ‘ کے نام سے اعلیٰ معیاری ڈومیسٹک ٹورنمنٹ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں چاروں صوبوں اور وفاق سمیت مجموعی طورپر پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصل آباد میں 19 اپریل تا یکم مئی’پاکستان کپ‘ کے نام سے ونڈے مقابلوں کا ٹورنمنٹ کروانے کا اعلان کیا ہے جس میں چاروں صوبوں سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور فیڈرل کیپیٹل سمیت پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سندھ کی قیادت ٹیم کے ٹوئنٹی20 کپتان سرفراز احمد جبکہ کوچنگ عملے میں توصیف احمد اور اقبال امام شامل ہوں گے۔ بلوچستان کی قیادت پاکستان کی ونڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی کے سپرد ہو گی جبکہ اعجاز احمد اور تیمور اعظم کوچنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ پنجاب کے کپتان آل راؤنڈر شعیب ملک ہوں گے، کوچنگ کی ذمہ داریاں محتشم رشید اور عتیق الزمان سنبھالیں گے، خیبر پختوانخواہ کے کپتان تجربہ کار اسٹار کھلاڑی  یونس خان کوچنگ عملہ میں عبدالرحمن اور کبیر خان شامل ہیں۔ وفاق کی ٹیم کی قیادت پاکستان کی ٹسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کریں گے جبکہ کوچنگ کی ذمہ داریاں منصور رانا اور صبیح اظہر سنبھالیں گے۔ پی سی بی نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور مسابقتی فضا بڑھانے کے لئے ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑیوں کا معاوضہ 100 فیصد بڑھا دیا ہے۔ ماضی کی روایات کے برعکس پاکستان کپ میں کوچ اور کپتان کھلاڑیوں کا انتخاب ڈرافٹ کے ذریعہ کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ایونٹ میں پاکستان کے صف اول کے 75 کرکٹرز حصہ لیں گے جبکہ ڈرافٹ میں 150 کرکٹرز کے نام شامل ہوں گے۔ ٹورنمنٹ کا انعقاد 19 اپریل تا یکم مئی فیصل آباد میں ہو گا۔کھلاڑیوں کے ڈرافٹ کے آل راؤنڈرس کی فہرست میں شاہد آفریدی کا نام شامل نہیں کیا گیا ہے جس سے اسٹار کھلاڑی کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔

TOPPOPULARRECENT