Saturday , November 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / پی سی بی کرکٹ کمیٹی میں یونس و مصباح شامل

پی سی بی کرکٹ کمیٹی میں یونس و مصباح شامل

لاہور ، 18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڑ نے کھیل کے جدید پہلوؤں کو بہتر طریقے سے سمجھنے کیلئے پہلی دفعہ دو ٹسٹ کھلاڑیوں کو بورڑ کی کرکٹ کمیٹی میں شامل کرلیا ہے۔ مشترکہ طور پر 656 بین الاقوامی مقابلوں کا تجربہ رکھنے والے پاکستان کے کپتان مصباح الحق اور تجربہ کار بلے باز یونس خان پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے نئے ارکان ہوں گے۔ رواں سال جولائی میں پی سی بی نے موجودہ اور سابق کھلاڑیوں کے مفادات کا خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ بورڈ اور ان کے درمیان پُل کا کردار ادا کرنے کیلئے ’’کرکٹ کمیٹی‘‘ متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔ یہاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پی سی بی چیئرمین شہر یارخان نے کرکٹ کمیٹی میں یونس خان اور مصباح الحق کی شمولیت کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہ بورڈ آف گورنرز کاایک بہت اہم فیصلہ ہے، دستیابی کی صورت میں یونس خان اورمصباح الحق صرف کرکٹ کے معاملات پر اپنے مشورے دیں گے‘‘۔ مصباح نے دسمبر میں ہندوستان کے خلاف طے شدہ سیریز کے انعقاد کے بعد ٹسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیا تھا۔ شہریار خان نے ایک دفعہ پھر واضح کردیا کہ سیریز کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ’’موجودہ طور پر ہندوستان میں کھیلنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ میں ابھی تک متحدہ عرب امارات میں نہیں کھیلنے کی وجوہات کا منتظر ہوں‘‘۔ تاہم وہ پُرامید ہیں کہ مسئلے کا حل جلد نکل آئے گا۔

TOPPOPULARRECENT