Sunday , December 17 2017
Home / سیاسیات / پی ڈی پی، بی جے پی حکومت تاریخ کشمیر کا سیاہ باب:این سی

پی ڈی پی، بی جے پی حکومت تاریخ کشمیر کا سیاہ باب:این سی

سرینگر، 24 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت نیشنل کانفرنس (این سی )نے پی ڈی پی ، بی جے پی کے 3سالہ دورحکومت کو تاریخ کشمیر کا سیاہ باب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ 3برسوں کے دوران اہل کشمیر کو جو مصائب و مشکلات، ظلم وستم اور جبر و استبداد جھیلنا پڑا اُس کی مثال ماضی میں کہیں نہیں ملتی ۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے الزام لگایا کہ پی ڈی پی و بی جے پی حکومت میں گذشتہ 3سال سے ریاست جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کے خلاف جس طرح سے آئے روز مختلف طریقوں سے سازشیں رچائی جارہی ہیں ایسا ماضی میں کبھی بھی دیکھنے کو نہیں ملا۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پارٹی ہیڈکوارٹر پر صوبائی سطح کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وادی کی موجودہ ناگفتہ بہہ سیاسی اور اقتصادی صورتحال کے علاوہ امن و قانون کے بگڑتے ہوئے حالات اور بال تراشی کے نہ تھمنے والے سنگین اور تشویشناک سلسلے پر تبادلہ خیالات کیا گیا اور ساتھ موجودہ حکومت کی ریاست دشمن اور عوام مخالف پالیسیوں کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ اس کے علاوہ اس پارٹی کی سرگرمیوں اور عوامی رابطہ مہم اور خاص کراسی ہفتے منعقد ہونے والے پارٹی کے عظیم الشان ’ ڈیلی گیٹ سیشن‘ کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ساگر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کے عوام کے مفادات کیلئے اپنی جدوجہد مستقبل میں بھی جاری رکھے گی اور ایسے تمام عناصر کے مذموم ارادوں اور منصوبوں کو خاک میں ملائے گی۔

TOPPOPULARRECENT