Tuesday , November 21 2017
Home / Top Stories / چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ میں تساہلی ، لاپرواہی

چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ میں تساہلی ، لاپرواہی

وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ کی ہدایات بھی نظر انداز ، ترقیاتی کام ٹھپ
حیدرآباد۔19جولائی (سیاست نیوز) چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تعمیراتی و ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کے متعلق بلدی عہدیداروں میں کوئی دلچسپی نظر نہیں آرہی ہے ۔ ریاستی وزیر بلدیہ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے چارمینار کا دورہ کرتے ہوئے اندرون 6ماہ پراجکٹ کی تکمیل کو یقینی بنانے کا اعلان کیا تھا اور اس اعلان کے چند یوم بعد ہی پراجکٹ کی تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز عمل میں آیالیکن ماہ رمضان المبارک کے پیش نظر پراجکٹ کے کاموں کو موقوف کردیا گیا تھا اور اب ماہ رمضان کے گذر جانے کے باوجود کاموں کا احیاء عمل میں لانے کیلئے کوئی اقدامات ہوتے نظر نہیں آرہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں کئے جانے والے اعلانات پر عدم عمل آوری نہ صرف حکومت کی بدنامی کا موجب بن رہی ہے بلکہ ترقیاتی کاموں میں پیدا ہونے والی رکاوٹ سے منتخبہ عوامی نمائندوں کا رول بھی مشتبہ بنتا جا رہا ہے اور عوام میں یہ احساس پیدا ہو رہا ہے کہ عوامی نمائندوں کو ہی ترقیاتی کاموں سے دلچسپی نہیں ہے جس کی وجہ سے ترقیاتی عمل مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تکمیل کی صورت میں اس علاقہ کی تیز رفتار سیاحتی ترقی کے ساتھ اطراف کے بازاروں کی رونق میں اضافہ کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے لیکن اس کے باوجود علاقہ میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی سے گریز پرانے شہر سے عدم دلچسپی کا اظہار ہونے لگا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اعلی عہدیداروں کے احکام کے ساتھ ہی تعمیری و ترقیاتی عمل کا آغاز ہو جائے گا ۔ مقامی تاجرین کے بموجب بیشتر تاجرین ذہنی طور پر پیدل راہرو پراجکٹ پر عمل آوری کے لئے تیار ہیں لیکن کاموں کی سست رفتاری تاجرین کیلئے باعث تکلیف بنتی جا رہی ہے۔ چارمینار کے اطراف کاروبار کرنے والے چھوٹے تاجرین کو بھی بلدیہ کی جانب سے اس بات کی طمانیت دی جا رہی ہے کہ ٹھیلہ بنڈی رانوں کو متاثر کرنے سے حتی الامکان گریز کیا جا ئے گا تاکہ غریب تاجرین کو کاروبار سے بیدخل ہونے سے بچایا جا سکے۔ ماہ رمضان المبارک سے قبل بلدیہ کی جانب سے تیز رفتار تعمیری کاموں کی شروعات کرتے ہوئے چارمینار تا گلزار حوض پتھر بچھانے کے عمل کو مکمل کر لیا گیا اور بعد رمضان دیگر سڑکوں یعنی چارمینار سے شاہ علی بنڈہ جانے والی سڑک اور لاڑبازار میں ان کاموں کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ چارمینار سے سردار محل کی سڑک پر پتھر بچھانے کا عمل برسوں قبل مکمل کیا جا چکا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے بموجب اس پراجکٹ کے سلسلہ میں ریاستی وزیر بلدیہ مسٹر کے ٹی راما راؤ سنجیدہ ہیں اور وہ اس سلسلہ میں متعدد مرتبہ جائزہ اجلاس منعقد کرچکے ہیں لیکن عہدیداروں کی جانب سے اختیارکردہ سست روی عوام اور حکومت کیلئے تکلیف کا باعث بن رہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT