Friday , May 25 2018
Home / شہر کی خبریں / چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کو خوبصورت بنانے عوام کی رضا کارانہ خدمات

چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کو خوبصورت بنانے عوام کی رضا کارانہ خدمات

تجارتی اداروں کو یکساں بنانے کا منصوبہ ، آرکیٹکٹ سے ڈیزائن کی تیاری ، جی ایچ ایم سی سے تعاون
حیدرآباد۔2مارچ(سیاست نیوز) شہر میں جاری چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلہ میں ترقیاتی کاموں میں اب مقامی عوام بھی حصہ لینے لگے ہیں اور پراجکٹ کو خوبصورت بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے لگے ہیں ۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے حدود میں شامل دکانات جو آگے سڑک تک بڑھے ہوئے تھے اور ملگیوں کے باہر تک چھت کھینچ چکے تھے ان لوگوں نے اب رضاکارانہ طور پراپنے کاروبار اپنی دکان کے اندر لیجانے کا عمل شروع کردیا ہے۔ حیدرآباد کی تاریخی عمارت چارمینار کے اطراف کی دکانات کو خوبصورت بنانے اور یکساں سائن بورڈ کی تنصیب کا فیصلہ عرصۂ دراز قبل کیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود تاجرین اس معاملہ کو نظرانداز کرنے کی پالیسی اختیار کئے ہوئے تھے لیکن اب جبکہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں میں تیزی لائی جا چکی ہے تو ایسی صورت میں علاقہ کے تاجرین نے بھی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ساتھ تعاون کرنا شروع کردیا ہے اور وہ رضاکارانہ طور پر اپنی ملگی کے اندر اپنے کاروبار کو منتقل کر رہے ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ محکمہ بلدی نظم و نسق نے لاڈبازار‘ پتھر گٹی‘ کوٹلہ عالی جاہ اور شاہ علی بنڈہ کی سڑک پر موجود تجارتی اداروں کو یکساں بنانے کے اقدامات کے لئے منصوبہ تیار کرلیا ہے اور اس سلسلہ میں آرکیٹیکٹ کے ذریعہ ڈیزائن بھی تیار کروالیا گیا ہے ۔ مسٹر اروند کمار پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے جاری کردہ تصاویر کے مطابق تمام سڑکوں پر موجود ملگیوں کے روبرو خوبصورت کمانوں کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی اور تمام دکانات کے یکساں سائن بورڈس کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادکے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی راست نگرانی میں جاری اس پراجکٹ کے سلسلہ میں مقامی تاجرین کو اس بات سے واقف کروادیا گیا ہے کہ وہ اپنے ملگیوں کے اندرونی حصہ سے باہر نہ نکلیں اور نہ ہی باہر کاروبار کریں کیونکہ ایسا کرنے سے پراجکٹ کی خوبصورتی متاثر ہوگی۔ مقامی تاجرین نے اس مسئلہ کی رضاکارانہ طور پر یکسوئی کا آغاز کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اندرون دو یوم ان تمام دکانات کو ملگی کے اندر کردیا جائے گا جو باہر نکل کر بنائی گئی تھیں۔ لاڈ بازار کے علاوہ اطراف کی تمام سڑکوں پر یکساں سائن بورڈس اور کمانوں کی تعمیر کے سلسلہ میں تیار کردہ منصوبہ کو حکومت کی جانب سے قطعیت دیئے جانے کے بعد عملی جامہ پہنانے کے اقدامات کئے جائیں گے اور اس کے لئے ماہرین کی کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT