Thursday , November 22 2018
Home / Top Stories / چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تعمیر میں رکاوٹوں کو دور کرنے میں تیزی

چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تعمیر میں رکاوٹوں کو دور کرنے میں تیزی

ٹھیلہ بنڈی رانوں کو یکم جولائی سے قبل تخلیہ کی ہدایت ، تجارت کے خلاف انتباہ
حیدرآباد۔22جون(سیاست نیوز) چارمینار کے دامن میں تجارت کررہے ٹھیلہ بنڈی رانوں کو یکم جولائی سے قبل پراجکٹ کے حدود سے باہر نکل جانے کی ہدایت دی جا چکی ہے اور اگر کوئی ٹھیلہ بنڈی راں اسی مقام پر کاروبار کرتا ہے تو جبری طور پر انہیں منتقل کردیاجائے گا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تکمیل میں پیدا رکاوٹوں کو دور کرنے کے اقدامات تیزکردیئے گئے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران چارمینار کے دامن میں تجارت کی رعایت کے بعد ٹھیلہ بنڈی رانوں کو فوری منتقل کرنے کے اقدامات کے بجائے انہیں اپنے طور پر یکم جولائی تک تخلیہ کی تاکید کی گئی ہے اور کہا گیا ہے جو ٹھیلہ بنڈی راں اپنے طور پر تخلیہ کرنے کے عمل میں تعاون کریں گے انہیں جی ایچ ایم سی کی جانب سے بازآبادکاری کے منصوبہ میں شامل کیا جائے گا ۔ چارمینار کے دامن میں ٹھیلہ بنڈی راں جو برسہا برس سے اس علاقہ میں کاروبار کر رہے تھے انہیں سی پی پی کے تعمیری و ترقیاتی کاموں کے دوران منتقل کردیا گیا تھا لیکن ماہ رمضان المبارک کے دوران کاروبار کی رعایت فراہم کرتے ہوئے حسب معمول چارمینار کے دامن میں تجارتی سرگرمیوں کی اجازت فراہم کی گئی تھی اور جی ایچ ایم سی کے منصوبہ کے مطابق عید الفطر کی تعطیلات کے دوران ٹھیلہ بنڈیوں کو منتقل کردینے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن ٹھیلہ بنڈی رانوں کی جانب سے وقت طلب کئے جانے پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے یکم جولائی تک کی مہلت فراہم کی گئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ جی ایچ ایم سی نے جو بازآبادکاری منصوبہ تیار کیا ہے اس منصوبہ میں رضاکارانہ طور پر مقام سے تخلیہ کرنے والوں کو ترجیحی بنیادوں پر جگہ کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔ بتایاجاتاہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے جو بازآبادکاری کا منصوبہ تیارکیا گیا ہے ان ٹھیلہ بنڈی رانوں کو 3X3فیٹ کی جگہ کی فراہمی کے متعلق غور کیا جا رہا ہے اور یہ جگہ چارمینار کے اطراف کے علاقہ میں ہی نشاندہی کرتے ہوئے فراہم کی جائے گی۔ ٹھیلہ بنڈی پر کاروبار کرنے والوں کا کہناہے کہ جو بازآبادکاری کا فائدہ حاصل ہوگا وہ ٹھیلہ بنڈی کے مالک لے جائیں گے جبکہ ٹھیلہ بنڈی پر کام کرنے والوں کی بڑی تعداد بے روزگار ہونے کے دہانے پر ہے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق محکمہ پولیس اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ٹھیلہ بنڈی پر کام کرنے والوں کی نشاندہی کی جارہی ہے اور مالکین کا پتہ حاصل کیا جا رہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT