Wednesday , October 24 2018
Home / شہر کی خبریں / چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تکمیل کے بعد محبوب چوک چمن کی ترقی

چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تکمیل کے بعد محبوب چوک چمن کی ترقی

عوامی نمائندگی پر بلدیہ کا منصوبہ ، مقامی افراد اور تاجرین سے بات چیت
حیدرآباد۔18ڈسمبر(سیاست نیوز) چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تعمیری و ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے فوری بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے محبوب چوک چمن(چوک مرغاں) کے ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔بتایا جاتاہے کہ محبوب چوک چمن کی ترقی کے سلسلہ میں موصول نمائندگی پر کاروائی کرتے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی کاموں کی تکمیل کے ساتھ ہی محبوب چوک مارکٹ اور محبوب چوک چمن کے ترقیاتی کاموں کو شروع کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ محبوب چوک مارکٹ کی جگہ نئے عصری کامپلکس کی تعمیر کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے متعلق بلدی عہدیداروں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں مقامی تاجرین سے مذاکرات کے بعد ہی اقدامات ممکن ہوں گے کیونکہ بعض تاجرین اس پراجکٹ کے متعلق خدشات کا شکار ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کے خدشات دور کرنے کے بعد ہی پراجکٹ شروع کیا جائے۔ بتایاجاتاہے کہ محبوب چوک مارکٹ کی جگہ نئے عصری بلدی مارکٹ کی تعمیر سے قبل محبوب چوک چمن کے ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے سلسلہ میں منصوبہ سازی کی جارہی ہے تاکہ ان ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ تاجرین سے مذاکرات کا عمل بھی جاری رہے۔ جی ایچ ایم سی کے اعلی عہدیداروں کے مطابق محبوب چوک چمن کے اطراف موجود فٹ پاتھ کے تاجرین کو دوسرے کسی مقام پر منتقل کرنے کے اقدامات پر بھی غور کیا جا رہاہے تاکہ محبوب چوک چمن کے ترقیاتی کاموں کو تیز کیا جا سکے۔ مقامی تاجرین کا کہنا ہے کہ چمن کے اطراف تجارت کرنے والے زائد از 50برس سے اس مقام پر تجارت کر رہے ہیں اس لئے ان کی متبادل مقام پر منتقلی کے بجائے انہیں اسی جگہ پر تجارتی سرگرمیاں انجام دینے کی اجازت فراہم کی جانی چاہئے تاکہ وہ اپنے کاروبار جاری رکھ سکیں۔ بلدی عہدیداروں کے مطابق سابق میں ان تاجرین کو نوٹس بھی جاری کی گئی تھی اور بعض تاجرین کو منتقل کرنے کے اقدامات بھی کئے گئے تھے لیکن مقامی تاجرین نے بتایا کہ ان کے روزگار کا یہی ذریعہ ہے اسی لئے وہ کسی اور مقام پر فوری طور پر منتقل نہیں ہو سکتے اسی لئے جی ایچ ایم سی کو انہیں بیروزگار کرنے سے قبل ہی جگہ کی نشاندہی کرنی چاہئے تاکہ ان کے روزگار کا سلسلہ جاری رہے۔ محبوب چوک مارکٹ کے ترقیاتی کاموں کے متعلق بتایاجاتاہے کہ بلدیہ نے نئے عصری مارکٹ کا منصوبہ تیار کرلیا ہے اور اور کہا جارہا ہے کہ اس منصوبہ میں تاجرین سے مذاکرات کے بعد معمولی تبدیلی لائی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT