Sunday , July 22 2018
Home / شہر کی خبریں / چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کے لیے اقدامات میں تیزی

چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کے لیے اقدامات میں تیزی

کاموں کے معیار پر خصوصی توجہ ، چارمینار کو سیاحتی مرکز میں تبدیلی کی منصوبہ بندی
حیدرآباد۔10نومبر(سیاست نیوز) چامینار پیدل راہرو پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کیلئے اقدمات تیز کردیئے گئے ہیں اور سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر نوین متل نے گذشتہ 15یوم کے دوران دو مرتبہ چارمینار پر جاری تعمیری و ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔ مسٹر نوین متل نے آج کمشنر مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآبادڈاکٹر بی جناردھن ریڈی کے علاوہ دیگر عہدیداروں کے ہمراہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کامو ںکا جائزہ لیتے ہوئے جاری کاموں کی تکمیل کے علاوہ کاموں کے معیار پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے پرانے شہر کیلئے تیار کردہ اس پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کے علاوہ معیاری کامو ںکی انجام دہی پر زور دیا جا رہا ہے ۔ مسٹر نوین متل نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اس پراجکٹ کو جلد از جلد مکمل کرتے ہوئے چارمینار کو عالمی سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دینے کے سلسلہ میں جو منصوبہ بندی کی ہے اس کے مطابق آئندہ چند ماہ کے دوران پراجکٹ کو مکمل کرلیا جانا ناگزیر ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ اب پراجکٹ کے کاموں میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوگی اور تیزی کے ساتھ ان کاموں کو مکمل کرلیا جائے گا۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلہ میں جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے ساتھ ساتھ چارمینار کے اطراف اضافی روشنیوں کے علاوہ باغبانی کے منصوبہ کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ پراجکٹ کی تکمیل کی رفتار کو تیز کیا جاسکے۔چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تکمیل اطراف کے سیاحتی مقامات کی ترقی کے ذریعہ ہی مکمل ہو سکتی ہے اسی لئے محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے مکمل پراجکٹ کے ساتھ تعمیری و ترقیاتی کاموں کا جائزہ لے رہا ہے تاکہ جو منصوبہ تیا رکیا گیا تھا اس منصوبہ کے مطابق ہی اس پر عمل آوری کو ممکن بنایا جاسکے۔ چارمینار کے اطراف کے توسیعی کاموں کے متعلق بتایا جاتاہے کہ اب جو سلاب کے کام جاری ہیں ان کی تکمیل کے فوری بعد کاموں کو روک دیا جائے گا اور میلاد النبی ؐ کے فوری بعد کاموں کا احیاء کردیا جائے گا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ چارمینار سے مکہ مسجد کی سڑک پر فرش بچھانے کے کاموں کی شروعات کی جائے گی اور اس کے ساتھ ہی چارمینار کے اطراف کے توسیعی کاموں کا آغاز عمل میں لایا جائے گا۔ بتایاجاتاہے کہ مختصر مدت کیلئے اطراف لگائے جانے والے ٹھیلہ بنڈی رانوں کو منتقل کیا جائے گا اور ان کاموں کی تکمیل کے بعد دوبارہ اسی مقام پر ٹھیلہ بنڈی رانوں کو کاروبار کی اجازت دیدی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT