Friday , April 20 2018
Home / شہر کی خبریں / چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں میں تیزی

چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں میں تیزی

ٹریفک تحدیدات کا اعلان ، سٹی پولیس کمشنر وی وی سرینواس راؤ
حیدرآباد ۔ /17 جنوری (سیاست نیوز) چارمینار پیدل راہ رو پراجکٹ کے تعمیراتی کاموں میں شدت پیدا کردی گئی ہے اور اس ضمن میں چارمینار کے اطراف و اکناف علاقوں میں آئندہ 6 ماہ کیلئے ٹریفک تحدیدات عائد کردی گئی ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر وی وی سرینواس راؤ نے ایک اعلامیہ جاری کیا جس میں یہ بتایا گیا کہ چارمینار کے شمالی علاقہ یعنی مدینہ تا گلزار ہاؤز آنے والی ٹریفک کا رخ چارکمان کی سمت کردیا جائے گا اور ٹریفک شیرباطل کمان ، گھانسی بازار ، چیلہ پورہ اور اعتبار چوک سے ہوتے ہوئے ناگول چنتا اور انجن باؤلی پہونچا جاسکتا ہے ۔ اسی طرح چارمینار کے مشرقی علاقے یعنی عالیجاہ کوٹلہ سے چوک میدان خان سے سردار محل تک جانے والی ٹریفک کا رخ حافظ ڈنکا مسجد ، مغل پورہ پانی کی ٹانکی کی سمت کردیا جائے گا اور ان علاقوں سے ہری باؤلی چوراہا ، چھتری ناکہ ، لال دروازہ ، ہمت پورہ اور شاہ علی بنڈہ پہونچ سکتے ہیں ۔ چارمینار کے جنوبی علاقے محبوب چوک چوراہا ، فلک نما ناگول چنتا سے ٹریفک کا رخ ہمت پورہ جنکشن ، ہری باؤلی بیلہ یا خلوت والگا ہوٹل کی سمت کردیا جائے گا اور ٹریفک کو پنچ محلہ سے چارمینار کی سمت آگے بڑھنے سے روک دیا جائے گا ۔ ٹریفک شاہ فنکشن ہال روڈ اور خلوت کے ذریعہ موسیٰ باؤلی ، سٹی کالج ، بہادر پورہ ، ہائیکورٹ اور نیا پل کی طرف روانہ ہوگی ۔ اسی طرح چارمینار کے مغربی علاقے موتی گلی سے لاڑ بازار چارمینار تک جانے والی ٹریفک کے رخ کو خلوت کی سمت کردیا جائے گا ۔ اعلامیہ کے بموجب چارمینار پیدل راہ رو پراجکٹ تعمیراتی کاموں کے پیش نظر یہ ٹریفک تحدیدات عائد کئے جارہے ہیں اور یہ احکامات /14 جون تک عمل میں رہیں گے ۔ کمشنر پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کا تعاون کریں ۔

TOPPOPULARRECENT