Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / چارمینار کے قریب آٹو پابندی سے عوام و سیاحوں کو راحت

چارمینار کے قریب آٹو پابندی سے عوام و سیاحوں کو راحت

بے ہنگم ٹریفک سے راہگیروں کو تکالیف، ٹریفک پولیس کو توجہ دینے کی ضرورت
حیدرآباد ۔ /10 اپریل (سیاست نیوز) چارمینار کے اطراف آٹو پر پابندی عائد کی جانے کے بعد کچھ حد تک عوام اور سیاحوں کو راحت حاصل ہوئی ہے لیکن جن مقامات پر آٹو کا داخلہ روک دیا گیا ہے ان مقامات پر کی جارہی بے ہنگم پارکنگ کے سبب راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ صدر شفا خانہ یونانی چارمینار کے عقبی گیٹ کے قریب کی جانے والی بے ہنگم آٹو پارکنگ سے نہ صرف راہگیروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بلکہ دواخانہ کے انتظامیہ کی جانب سے بھی متعدد مرتبہ اس سلسلے میں شکایت کی جاچکی ہے لیکن اس مقام پر ٹھہرائے جانے والے آٹو رکشا کی تعداد میں نہ کمی واقع ہوئی ہے اور نہ ہی انہیں باقاعدہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ اسی طرح گلزار حوض ، جلو خانہ کے قریب بھی روزانہ بے ہنگم آٹو پارکنگ کے سبب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ آٹو ڈرائیور کا کہنا ہے کہ چارمینار کے قریب آٹو پر عائد کردہ پابندی کے باوجود جس مقام تک رسائی کی اجازت دی گئی ہے وہاں پارکنگ کی سہولت فراہم نہ کئے جانے کے باعث یہ صورتحال پیدا ہورہی ہے اور اس کا بھرپور فائدہ ٹریفک پولیس اہلکار بھی اٹھارہے ہیں اور بحالت مجبوری آٹو ڈرائیورس بھاری معمول دے رہے ہیں ۔ پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ جب پارکنگ موجود ہی نہیں ہے تو ایسی صورت میں آٹو پارک کرنے کا موقع فراہم کئے جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ لیکن روزانہ شام کے مصروف ترین اوقات کے علاوہ دن میں بھی ان مقامات پر بے ہنگم آٹو پارکنگ پر پولیس کی خاموشی سے آٹو ڈرائیورس کے دعوؤں کی توثیق ہوتی ہے ۔محکمہ پولیس اور بلدیہ کو چاہئیے کہ فوری طور پر اقدامات کرتے ہوئے آٹو ڈرائیورس کیلئے چارمینار کے اطراف جو حد مقرر کی گئی ہے اس مقام کے قریب کوئی پارکنگ کی جگہ فراہم کرے تاکہ راہگیروں کو کسی قسم کی دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے اور نہ ہی آٹو ڈرائیورس کو اپنی گاڑیاں ٹھہرانے کیلئے معمول ادا کرنے کی ضرورت پیش آئے ۔

TOPPOPULARRECENT