Wednesday , September 19 2018
Home / جرائم و حادثات / چارمینار کے قریب ڈی آر ڈی اوسائنسداں پر جیب کترے کا چاقو سے حملہ

چارمینار کے قریب ڈی آر ڈی اوسائنسداں پر جیب کترے کا چاقو سے حملہ

موبائیل فون چھین کر فرار ہونے حملہ آور گرفتار ،شدید زخمی سائنسداں شریک دواخانہ

موبائیل فون چھین کر فرار ہونے حملہ آور گرفتار ،شدید زخمی سائنسداں شریک دواخانہ
حیدرآباد 22 جون (سیاست نیوز) چارمینار کے قریب ڈی آر ڈی او کے سائنسداں پر جیب کترے نے چاقو سے حملہ کر کے انہیں زخمی کردیا۔ تفصیلات کے بموجب 53 سالہ رادھا کانت ستیہ پتی ڈی آر ڈی او کورا پوٹ اڈیشہ میں ڈپٹی ڈائرکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ کنچن باغ میں واقع ڈی ایم آر ایل میں منعقدہ سائنسدانوں کی کانفرنس میں شرکت کیلئے آئے ہوئے تھے اور آج اتوار کی تعطیل کے پیش نظر ستیہ پتی اپنے ساتھی سائنسداں کے ہمراہ تاریخی مکہ مسجد اور چارمینا کی سیر و تفریح کیلئے پہنچے ۔ آج دوپہر چارمینار کے قریب ایک نامعلوم جیب کترے نے ستیہ پتی کے دوست کا موبائیل فون اُڑا لیا اور وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا کہ ستیہ پتی اور ان کے ساتھی نے جیب کترے کا تعاقب کرنے لگے جس کے نتیجہ میں جیب کترے نے موبائیل فون پھینک دیا۔ جیب کترے کو پکڑنے کی غرض سے ستیہ پتی اس کا تعاقب کرتے ہوئے اس کے قریب پہنچ گئے جس سے خوفزہ ہوکر اس نے ستیہ پتی پر چاقو سے حملہ کر کے زخمی کردیا ۔ اس واقعہ میں سائنسداں شدید زخمی ہوگیا اور اسے فوری دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے فی الفور ان کا آپریشن کیا اور بعدازاں حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ پولیس نے سائنسداں کو بہتر علاج کیلئے اپولو ڈی آر ڈی او ہاسپٹل منتقل کیا ۔ چارمینار پولیس نے بتایا کہ ایک مشتبہ شخص کو سائنسداں پر حملے کے سلسلہ میں حراست میں لے لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔چارمینار پولیس نے حملے کے سلسلہ میں دفعہ 382 ،307 اور 511 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے اور مکہ مسجد کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ اس واقعہ سے متعلق شواہد اکٹھا کی جارہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT