Friday , December 15 2017
Home / سیاسیات / چارہ اسکام مقدمہ : لالو پرساد کو سپریم کورٹ کا دھکہ ،سی بی آئی پر برہمی

چارہ اسکام مقدمہ : لالو پرساد کو سپریم کورٹ کا دھکہ ،سی بی آئی پر برہمی

نئی دہلی ۔8مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) لالو پرساد یادو کو آج دھکہ لگا جب سپریم کورٹ نے رولنگ دی کہ چارہ اسکام کے تمام چار مقدمات کی علحدہ سماعت کی جائے اور جھارکھنڈ ہائیکورٹ کے اس حکم کو کالعدم کردیا جس میں ان ( لالو) کے خلاف سازش کے الزامات سے دستبرداری اختیار کی گئی تھی۔ جسٹس ارون مشرا ور جسٹس امیتاورائے پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے تحت کی عدالت کو حکم دیا کہ 68 سالہ لالو یادو اور دوسروں کے خلاف اندرون 9 ماہ مقدمات کی سماعت مکمل کرلی جائے ۔ بنچ نے کہاکہ ’’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر جرم سے متعلق مقدمہ کی علحدہ سماعت ہوگی ‘‘ ۔ چارہ اسکام مختلف اضلاع میں محکمہ افزائش مویشیاں کی طرف سے 900کروڑ روپئے دھوکہ دہی کے ذریعہ نکالنے سے متعلق ہے اوریہ اُس وقت ہوا تھا جب لالو پرساد بہار کے چیف منسٹر تھے ۔ اس مقدمہ میں بہار کے ایک اور سابق چیف منسٹر جگناتھ مشرا اور سابق چیف سکریٹری سجل چکرورتی بھی ملزم ہیں۔ عدالت عظمی نے 2014 ء میں جاری کردہ ہائیکورٹ کے ایک حکم کو کالعدم کردیا جس نے لالوکو ایک مقدمہ میں مجرم قرار دیئے جانے کے بعد دوسرے مقدمہ کی سماعت کو ملتوی کردیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT