Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / چتور میں تیز رفتاری لاری نے ہجوم کو روند ڈالا ۔ 14 افراد ہلاک

چتور میں تیز رفتاری لاری نے ہجوم کو روند ڈالا ۔ 14 افراد ہلاک

15 افراد زخمی ۔ چھ کی حالت نازک ۔ وزیر اعظم مودی و چیف منسٹر نائیڈو کا اظہار رنج
تروپتی 21 اپریل ( پی ٹی آئی ) ایک انتہائی خوفناک حادثہ میں 14 افراد ہلاک اور دوسرے 15 زخمی ہوگئے جو ایک تیز رفتار لاری کے ایک ہجوم میں گھس جانے کی وجہ سے پیش آیا ۔ یہ حادثہ آندھرا پردیش کے شہر تروپتی سے قریب پیش آیا ۔ حادثہ چتور ضلع میں یروپیڈو میں ایک پولیس اسٹیشن کے باہر ہوا جہاں تقریبا 40 افراد ریت کی غیر قانونی نکاسی کے سلسلہ میں شکایت کرنے جمع ہوئے تھے ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ گیارہ افراد بشمول چار خواتین برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر تین افراد ایس وی آر آر سرکاری دواخانہ میں علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکے ۔ دواخانہ کے ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جملہ 15 افراد زخمی ہیں جن میں چھ کی حالت نازک بتائی گئی ہے ۔ زخمیوں میں تین مقامی صحافی بھی شامل ہیں جو پولیس اسٹیشن پر عوام کے احتجاج کی وجہ سے جمع ہوئے تھے ۔ ان زخمیوں کو بعد میں سری وینکٹیشورا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس کو منتقل کیا گیا ہے جہاں علاج کی بہتر سہولیات دستیاب ہیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک تیز رفتار لاری نے یہاں جمع ہوئے عوام کو روند ڈالا اور پھر وہ ایک برقی کھمبے سے ٹکرا گئی ۔ اس کے نتیجہ میں ہائی ٹنشن وائر ٹوٹ کر عوام پر گرپڑا ۔ کچھ دو پہیہ گاڑیوں میں جو وہاں رکھی ہوئی تھیں اس وجہ سے آگ میں جل گئیں۔ ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ کتنے افراد گاڑی سے روندے جانے کی وجہ سے فوت ہوئے ہیں اور کتنے افراد شاک لگنے سے یا جھلس جانے سے فوت ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین نے تاہم کہا ہے کہ کم از کم چار افراد کو لاری نے روند ڈالا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ کم از کم چار نعشیں ناقابل شناخت حد تک جھلس گئی ہیں۔ اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے اس حادثہ میں رنج و صدمہ کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے حادثہ میں انسانی جانوں کے اتلاف پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور مرنے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے بھی اس حادثہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور انہوں نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنائیں۔ زخمیوں کے علاج کیلئے بھی نائیڈو نے ہدایت دی ۔

TOPPOPULARRECENT