Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / چرلہ پلی ایچ پی گیس کمپنی میں آگ سے سلنڈرس کی سربراہی متاثر

چرلہ پلی ایچ پی گیس کمپنی میں آگ سے سلنڈرس کی سربراہی متاثر

حیدرآباد 26 ستمبر ( سیاست نیوز ) چرلہ پلی میں واقع ایچ پی گیاس کمپنی میں آگ حادثہ کی وجہ سے گیس سلنڈرس کی سربراہی متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ عوامی مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے کمپنی کی جانب سے متبادل انتظامات کئے جارہے ہیں مگر عوامی طلب کے مطابق سلنڈر مہیا نہیں ہورہے ہیں ۔ جبکہ تہواروں کا سیزن ہونے کی وجہ سے سلنڈرس کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے ۔ دس دن قبل تک سلنڈر بک کرنے کے بعد 24 گھنٹوں میں سلنڈر فراہم کیا جاتا تھا ۔ مگر اب ہفتہ دس دن انتظار کرنا پڑرہا ہے ۔ تاحال سلنڈرس بک کرنے والوں کی فہرست 3 لاکھ تک پہونچ گئی ہے ۔ عوامی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے یچ پی سی عہدیداران نے نئے طریقہ پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے ۔ گریٹر کے احاطہ میں 11.6 لاکھ ایچ پی گیاس صارفین ہیں اور ان میں سنگل سلنڈرس صارفین کو اہمیت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ واحد سلنڈر والے صارفین کو سربراہ کرنے کے بعد دو سلنڈرس رکھنے والے صارفین کو سربراہ کیا جائے گا ۔ چرلہ پلی ایچ پی سی ایل سے روزانہ 80 ہزار سلنڈرس سربراہ کئے جاتے تھے اور ایک گیاس ایجنسی کو روزانہ 500 ۔ 600 سلنڈرس فراہم کئے جاتے تھے فی الحال چرلہ پلی سے سلنڈرس کی سربراہی منقطع ہوجانے سے وجئے واڑہ ، اننت پور ، چندرا پور اور کنڈاپلی سے سلنڈرس حاصل کئے جارہے ہیں ۔ متبادل انتظامات کے باوجود تمام علاقوں میں عوامی مانگ کے مطابق سلنڈرس فراہم نہیں کئے جارہے ہیں ۔ روزانہ کی طلب 80 ہزار ہے جب کہ روزانہ 40 ۔ 50 ہزار سلنڈرس ہی سربراہ کئے جارہے ہیں ۔ فی الحال چند ایجنسیوں کی جانب سے 8 دن اور چند کی جانب سے 10 دن کے بعد ہی فراہم کئے جارہے ہیں ۔ ان مصائب کو مد نظر رکھتے ہوئے عہدیداران نے خانگی گیاس ایجنسیوں کا تعاون حاصل کرنے کی اطلاعات ہیں اور اس ضمن میں صنعت نگر ، کسری علاقوں سے خانگی گیاس کمپنیوں سے گیاس فلنگ کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ بہر حال کسی بھی طرح عوام کے مسائل حل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT