Wednesday , November 22 2017
Home / Top Stories / چمپئنس ٹروفی : ہندوستان کی سیمی فائنل میں شاندار کامیابی

چمپئنس ٹروفی : ہندوستان کی سیمی فائنل میں شاندار کامیابی

بنگلہ دیش کو 9 وکٹ سے شکست ، روہت شرما کی سنچری، فائنل میں کٹر حریف پاکستان سے مقابلہ

برمنگھم 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی چمپئنس ٹروفی کے دوسرے سیمی فائنل میںروہت شرما نے آج شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے وراٹ کوہلی کے ساتھ ملکر بنگلہ دیش کو 9 وکٹس سے شکست فاش دینے میں اہم رول ادا کیا۔ اب چمپئنس ٹروفی کا فائنل مقابلہ کٹر حریف پاکستان سے ہوگا۔ روہت شرما نے 129 گیندوں میں 123 ناٹ آؤٹ رنز بنائے اور کپتان ویراٹ کوہلی نے 78 گیندوں میں 96 رنز بناتے ہوئے ہندوستان کی نہ صرف کامیابی یقینی بنائی بلکہ بنگلہ دیش کو ہر شعبہ میں بے بس کردیا۔ ٹیم نے 265 رنز کا نشانہ صرف 40.1 اوورس میں پورا کرلیا۔ کوہلی نے بولنگ کے شعبہ میں بھی بعض تبدیلیاں لاتے ہوئے پارٹ ٹائم آف اسپنر کیدر جادھو کو موقع دیا جنھوں نے گیم کا رُخ پلٹ دیا اور بنگلہ دیش 50 اوورس میں صرف 264/7 رنز بنا پائی۔ ہندوستان نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیاٹنگ کیلئے مدعو کیا جس نے ناقص شروعات کے باوجود تمیم اقبال اور مشفق الرحیم کی نصف سنچریوں کی بدولت 7 وکٹ کے نقصان پر 264 رنز اسکور کئے۔ تمیم اقبال نے 7 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 70 رنز اسکور کرنے کے علاوہ وکٹ کیپر بیٹسمین مشفق الرحیم کے ہمراہ تیسرے وکٹ کے لئے 123 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی۔

مشفق الرحیم نے 85 گیندوں میں 61 رنز کی اننگز کھیلی۔ ہندوستان کے لئے بھونیشور کمار جسپریت بومرا اور جادھو نے فی کس دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ہندوستانی بیٹسمین جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور روہت شرما کے علاوہ شکھر دھون (46) نے افتتاحی وکٹ کے لئے 87 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی۔ اس کے بعد کپتان کوہلی نے دوسری وکٹ کی رفاقت کے لئے 153 گیندوں میں 178 رنز جوڑے۔ ہندوستانی کپتان نے ایک شخصی سنگ میل بھی عبور کیا اور 183 ویں میچ میں اُنھوں نے 8 ہزار ونڈے رنز پورے کئے۔ کپتان کوہلی نے کہاکہ 9 وکٹس سے کامیابی کی ہم نے توقع نہیں کی تھی۔ اُنھوں نے چمپئنس ٹروفی کے فائنل میں حریف پاکستان کے خلاف میچ کے سلسلہ میں جاری قیاس آرائیوں کو بھی کوئی اہمیت نہیں دی۔ بنگلہ دیش کے کپتان مشرف مرتضیٰ نے اعتراف کیاکہ اُن کی ٹیم کو ذہنی طور پر مزید سخت ہونے کی ضرورت ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایک بڑے ٹورنمنٹ میں ہمیں جس طرح کی تیاری کرنی چاہئے تھی اُس میں کچھ کمی رہ گئی۔ اُنھوں نے توقع ظاہر کی کہ کھلاڑیوں کا تمیم اقبال، مشفق الرحیم اور محمود اللہ پر ہر وقت انحصار نہیں ہونا چاہئے۔
مختصر اسکور
بنگلہ دیش : 264/7 (50 اوورس ) ۔ تمیم اقبال 70 ، مشفق الرحیم61 ۔ بمرا 2/40
ہندوستان : 265/1 (40.1 اوورس) ۔ روہت شرما 123 ناٹ آؤٹ، ویراٹ کوہلی 96 ناٹ آؤٹ۔

TOPPOPULARRECENT