230سے زیادہ زخمی‘بھیڑ اور گھٹن سے کئی افراد بیہوش
چنائی :ٹاملناڈوکی دارالحکومت چنائی کی مرینا بیچ پر کل انڈین ایئر فورس کے ایئر شو کا انعقاد کیا گیا۔ائیر شو کے موقع بھگدڑ کا افسوسناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 230 سے زائد زخمی ہو گئے جبکہ ایک شخص کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔زخمیوں کو تین مختلف ہاسپٹلس میںعلاج کیلئے منتقل کیا گیا۔ مرنے والوں کی شناخت سرینواسن (48)، کارتکیئن (34)، جان بابو (56)، اور دنیش کے طور پر کی گئی ہے۔ ایئر شو کا انعقاد انڈین ایئر فورس کے 92ویں سالگرہ کے موقع پر کیا گیا تھا۔ تقریباً 13 لاکھ سے زیادہ لوگ ریل، میٹرو، کاروں اور بسوں کے ذریعے مرینا بیچ پر پہنچے اور بھاری تعداد میں لوگوں کی آمد کے باعث اسے لیمکا بک آف ریکارڈز میں بھی شامل کیا گیا۔ایئر شو کے اختتام کے بعد جب لوگ واپس جا رہے تھے تو صورتحال بے قابو ہو گئی۔ بھیڑ اور گھٹن کی وجہ سے کئی لوگ بے ہوش ہو گئے اور بھگدڑ مچ گئی۔ حکام نے پہلے ہی اندازہ لگایا تھا کہ ایئر شو کے لیے تقریباً 10 لاکھ لوگ مرینا بیچ آئیں گے اور اسی حساب سے انتظامات کیے گئے تھے۔ پروگرام کے اختتام پر سب کے ایک ساتھ نکلنے کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی۔یہ ایئر شو چنائی میں 21 سال بعدہوا۔