Friday , April 20 2018
Home / دنیا / چنداکوچھر اور پرینکا چوپڑہ دنیا کی سب سے طاقتور خواتین

چنداکوچھر اور پرینکا چوپڑہ دنیا کی سب سے طاقتور خواتین

نیویارک / نئی دہلی /2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی آئی سی آئی بینک کی سی ای او اور ایم ڈی چندا کوچھر اور بالی ووڈ اداکارہ پرینکا چوپڑہ کے بشمول ہندوستان کی پانچ خواتین کو دنیا بھر کی 100 طاقتور ترین خواتین کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے ۔ فوربس کی جانب سے مرتب کردہ اس فہرست میں جرمنی کی چانسلر انجیلامرکل کو پہلا مقام حاصل ہے ۔چندا کوچھر کو اس فہرست میں 32 واں مقام دیا گیا ہے جبکہ ایچ سی ایل کارپوریشن کی سی ای او روشنی نادر ملہوترہ کو 57 واں مقام ملا ہے ۔ ان کے بعد کرن مجمدار شاوا ، بانی چیر بائیکن کو 71 واں مقام حاصل ہوا ہے ۔ اس فہرست میں دیگر جن ہندوستانیوں کا نام شامل ہے اس میں شوبھنا بھارتیہ چیرپرسن اور ایڈیٹوریل ڈائرکٹر ایچ ٹی میڈیا کو 92 واں مقام اور پرینکا چوپڑہ کو 97 واں نمبر دیا گیا ہے ۔ دیگر ہندوستانی نژاد خواتین جنہوں نے اپنا مقام بنایا ہے ان میں پیپسی کو کی سی ای او اندرا نوئی کو 11 واں مقام ملا ہے جبکہ ہندوستانی امریکی شہری نیکی ہیلے کو 43 واں درجہ دیا گیا ہے ۔ اس 100 طاقتور خواتین کی فہرست میں سب سے پہلے جرمنی کی انجیلا مرکل کا نام ہے جو مسلسل 7 ویں سال میں اس فہرست سے سب سے پہلے مقام پر ہیں ۔ مرکل کے بعد وزیراعظم برطانیہ تھریسامے کو دوسرا مقام حاصل ہے ۔ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ریونکا ٹرمپ کو نو وارد ہونے والوں کی فہرست میں 19 واں مقام ملا ہے ۔ بل اینڈ ملنڈاگیٹس فاؤنڈیشن کی معاون چیرپرسن ملنداگیٹس کو تیسرا مقام حاصل ہے جنہوں نے زائد از 100 ممالک میں کام کرنے والی تنظیموں کی عالمی مدد کرتے ہوئے اب تک 40 بلین امریکی ڈالر خرچ کئے ہیں ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ہندوستان کی دیگر خواتین کو بھی فوربس نے اپنی فہرست میں شامل کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT