Thursday , January 18 2018
Home / شہر کی خبریں / چندرائن گٹہ اسمبلی حلقہ میں مجلس بچاؤ تحریک کی انتخابی مہم نقطہ عروج پر

چندرائن گٹہ اسمبلی حلقہ میں مجلس بچاؤ تحریک کی انتخابی مہم نقطہ عروج پر

ڈاکٹر قائم خاں ایم بی ٹی امیدوار کا پیدل دورہ ، عوام میں جوش و خروش

ڈاکٹر قائم خاں ایم بی ٹی امیدوار کا پیدل دورہ ، عوام میں جوش و خروش

حیدرآباد۔/17اپریل، ( سیاست نیوز) صدر مجلس بچاؤ تحریک ڈاکٹر قائم خاں کی انتخابی مہم حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ میں نقطہ عروج پر پہنچ چکی ہے۔ صبح شام پدیاترا کے ذریعہ عوام سے ملاقات اور پھر جلسہ عام کے ذریعہ وہ رائے دہندوں کو مجلس بچاؤ تحریک کے ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں سے آگاہ کررہے ہیں۔ ڈاکٹر قائم خاں نہ صرف سیاسی اعتبارسے ایک عوامی خدمت گذار جناب محمد امان اللہ خاں مرحوم کے سیاسی وارث ہیں تو دوسری طرف بحیثیت ڈاکٹر چندرائن گٹہ میں ان کی خدمات عوام سے مخفی نہیں۔ حلقہ چندرائن گٹہ کے پارٹی کارکنوں میں کافی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے اور مختلف علاقوں کی مقامی غیرسیاسی تنظیموں نے بھی قائم خاں کی تائید کا اعلان کیا۔ انہوں نے حلقہ چندرائن گٹہ کو پسماندگی اور غربت سے پاک کرنے کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ حلقہ کے بلالحاظ مذہب و ملت رائے دہندے چاہتے ہیں کہ اس مرتبہ قائم خاں کو اسمبلی میں کمزور طبقات اور اقلیتوں کی آواز کے طور پر پہنچایا جائے۔ گزشتہ 10برسوں کے دوران قائم خاں نے چندرائن گٹہ عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا اور کسی عہدہ کے بغیر بھی ہر مصیبت کے وقت وہ عوام کے درمیان کھڑے دکھائی دیئے۔انتخابی مہم کے دوران جگہ جگہ رائے دہندے ان کا شاندار استقبال کررہے ہیں اور مرحوم امان اللہ خاں کی بے باک نمائندگی اور رہنمائی کو یاد کررہے ہیں۔ پیدل دوروں کے موقع پر جگہ جگہ عوام نے اپنے علاقے کے بنیادی مسائل کی عدم یکسوئی کی شکایت کی۔ عوام کا کہنا ہے کہ مقامی عوامی نمائندے صرف انتخابات کے وقت ہی خوش کن وعدوں کے ساتھ رجوع ہوتے ہیں جبکہ کامیابی کے ساتھ ہی وہ بیرون ملک تفریح کیلئے نکل پڑتے ہیں۔ ڈاکٹر قائم خاں نے حلقہ چندرائن گٹہ میں ترقی سے متعلق دعوؤں کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ جناب امان اللہ خاں مرحوم نے رکن اسمبلی کی حیثیت سے علاقہ کی ترقی کے جو اقدامات کئے تھے آج بھی وہی برقرار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم امان اللہ خاں کی مساعی کا نتیجہ ہے کہ چندرائن گٹہ کے کئی علاقے اور نئی آبادیاں بنیادی ضرورتوں سے آراستہ ہوئیں۔ ڈاکٹر قائم خاں نے رائے دہندوں پر واضح کیا کہ ان کی پارٹی عوام کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ چندرائن گٹہ میں غیر سماجی عناصر کی سرگرمیوں کی سرکوبی کرتے ہوئے عوام کو ان کے ظلم و تشدد سے نجات دلائے گی۔ انہوں نے سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری اور پرانے شہر کے اقلیتی نوجوانوں کو اسکیمات سے استفادہ کا موقع فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ دولت اور طاقت کے استعمال کے ذریعہ مخالفین انتخابات میں کامیابی کا منصوبہ بنارہے ہیں لیکن اس مرتبہ حلقہ کے رائے دہندے ان کوششوں کو ناکام کردیں گے۔انہوں نے عوام سے وعدہ کیا کہ بارکس میں امان اللہ خاں مرحوم کی جانب سے قائم کردہ ہاسپٹل کو سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل میں تبدیل کیا جائے گا۔انہوں نے اس ہاسپٹل میں ڈیلاسیس سنٹر اور میٹرنٹی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ مختلف علاقوں میں مفت طبی سہولتیں بہم پہنچانے کا بھی وعدہ کیا۔ علاقہ کے سرکاری مدارس کا احیاء اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے دلت اور کمزور طبقات کی ترقی کیلئے بھی جدوجہد کا وعدہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT