Saturday , December 16 2017
Home / جرائم و حادثات / چندرائن گٹہ فلائی اوور کے قریب آٹو ڈرائیور کا قتل

چندرائن گٹہ فلائی اوور کے قریب آٹو ڈرائیور کا قتل

حیدرآباد۔ 7 فروری (سیاست نیوز) چندرائن گٹہ فلائی اوور کے قریب کل رات دیر گئے ایک آٹو ڈرائیور کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا گیا۔ 22 سالہ سمیع احمد صدیقی ساکن حافظ بابا نگر عمر کالونی کو مختار اور اس کے ساتھیوں نے تیز دھاری والی ہتھیار سے گلا کاٹتے ہوئے ہلاک کردیا۔ تفصیلات کے بموجب سمیع کی شادی اسماء خان سے ہوئی تھی اور انہیں 9 ماہ کی بیٹی بھی ہے، لیکن سمیع صدیقی  معاشی پریشانیوں سے دوچار تھا جس کے سبب اسماء خان نے اسی علاقہ کے ساکن اسماء سلطانہ سے ربط قائم کیا اور اسے ملازمت فراہم کرنے کی درخواست کی جس پر اسماء سلطانہ نے آٹو ڈرائیور کی بیوی کو ایک ایونٹ مینیجر مختار سے متعارف کروانے کی غرض سے اسے عمر ہوٹل بابا نگر کے قریب مختار کی کار میں بٹھایا لیکن کچھ ہی فاصلے پر مختار کی کار میں دیگر کچھ افراد سوار ہوگئے جس پر اسماء خان نے اعتراض کرتے ہوئے اپنے شوہر کو اس سلسلے میں آگاہ کیا اور بعدازاں کار سے اُتر گئی۔ اپنی بیوی کو غیرمردوں کے ہمراہ کار میں لے جانے پر شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے سمیع احمد صدیقی نے اسماء سلطانہ کو فون پر دھمکایا جس پر اسماء سلطانہ اسے چندرائن گٹہ فلائی اوور کے قریب رات 1:30 بجے ملاقات کرنے کیلئے کہا۔ سمیع چوائس فنکشن ہال چندرائن گٹہ کے قریب پہنچ کر اسماء سلطانہ اور مختار کو دیکھ کر برہم ہوگیا اور ان پر لکڑی سے وار کرنے کی کوشش کی لیکن مختار اور اس کے ساتھیوں نے آٹو ڈرائیور سمیع احمد صدیقی کا تیز دھاری ہتھیار سے گلا کاٹ ڈالا۔ اس حملے میں سمیع شدید زخمی ہوگیا اور دواخانہ منتقلی کے دوران وہ فوت ہوگیا۔ انسپکٹر چندرائن گٹہ مسٹر راما راؤ نے بتایا کہ مختار اور دیگر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ان کی تلاش شروع کردی۔

TOPPOPULARRECENT