Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / چندرائن گٹہ کی سینکڑوں خواتین کی ٹی آر ایس میں شمولیت

چندرائن گٹہ کی سینکڑوں خواتین کی ٹی آر ایس میں شمولیت

مسلمانوں اور دیگر طبقات کیلئے اسکیمات کی ستائش، محمد محمود علی سے ملاقات
حیدرآباد۔15اکٹوبر(سیاست نیو ز)اسمبلی حلقہ چندرائن گٹہ کے مختلف علاقوں کی خواتین کی کثیرتعداد نے نائب وزیر اعلی محمد محمود علی کی سرپرستی میں ان کی قیامگاہ پر ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اس موقع پر تمام خواتین کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے ان کی خدمات کو قوم اور پارٹی کیلئے مؤثر قرار دیا مزید محنت اورایمانداری سے کام کرنے کی تلقین کی۔ پارٹی میں خواتین کی شمولیت کو انہوں نے باعث فخر بتایا اور کہا کہ ٹی آر ایس ہمیشہ خواتین کی قدر اور ان کی حوصلہ افزائی کرتی رہی ہے ٹی آر ایس نے ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر ایک خاتون کو فائز کیا ہے مزید مارکٹنگ کمیٹی کی صدر اور نائب صدر کے عہدوں پر بھی خواتین کو ہی فائز کیا گیا ۔ پارٹی میں شامل ہونے والی خاتون ریحانہ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ قیام تلنگانہ کے بعد چیف منسٹر نے اقلیتی طبقات بالخصوص مسلم طبقے کی ترقی و خوشحالی کیلئے منفرد اسکیمات روبہ عمل لائیں جس کیلئے ریاست تلنگانہ کے مسلم عوام چیف منسٹر و ڈپٹی چیف منسٹرکے مشکور ہیں ۔ انہوں نے پارٹی میںشمولیت کے اغراض و مقاصد بتاتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی مؤثر کارکردگیوں اور متاثرکن اسکیمات شادی مبارک ، اوور سیز اسکالرشپ ، پندرہ ہزار روپئے پر مبنی کے سی آر کٹ ،تنہا خواتین کیلئے مقرر کردہ ماہانہ وظیفہ اور آسرا اسکیم نے ہی انہیں اور ان جیسی خواتین کو ٹی آر ایس میں شامل ہونے پرراغب کیا انہوں نے مزید بتایاکہ چوں کہ ٹی آر ایس عوام دوست حکمراں جماعت ہے اور اس نے اپنے اقتدار کے قلیل عرصے میںمتعدد مثالی کارنامے انجام دیئے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی اس لئے انہوں نے اس پارٹی کو مضبوط بنانے کے ارادے سے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پارٹی میں شامل ہونے کافیصلہ کیا ۔ اس موقع پر سینئر ٹی آر ایس قائد سلطان شطاری اور دیگر موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT