Friday , September 21 2018
Home / جرائم و حادثات / چندرائن گٹہ کے شخص کا دارالسلام میں اقدام خود سوزی

چندرائن گٹہ کے شخص کا دارالسلام میں اقدام خود سوزی

اراضی کا تنازعہ، رکن اسمبلی سے ملاقات نہ ہونے پر انتہائی اقدام
حیدرآباد ۔ /12 ستمبر (سیاست نیوز) مجلس پارٹی کے ہیڈکوارٹرس دارالسلام میں آج اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب چندرائن گٹہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے خود پر کیروسین چھڑک کر خودسوزی کی کوشش کی ۔ تفصیلات کے بموجب سلطان بن سعید الخدر ساکن ملت نگر اسمعیل نگر چندرائن گٹہ کا 200 مربع گز اراضی کا تنازعہ چل رہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ اراضی رجسٹرڈ شدہ نہیں ہے اور نوٹری پر معاہدہ کیا گیا تھا ۔ سعید کو وہاں کے مقامی افراد اراضی کو ہڑپ کرنے کی نیت سے اسے ہراساں کررہے تھے جس کے نتیجہ میں اس نے چندرائن گٹہ پولیس میں ایک شکایت درج کروائی تھی لیکن اسے وہاں پر انصاف نہ ملا ۔ سلطان بن سعید الخدر نے آج صبح مجلس کے دفتر دارالسلام پہونچکر چندرائن گٹہ رکن اسمبلی اکبر الدین اویسی سے ملاقات کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہا جس کے بعد اس نے اپنے ساتھ لائے ہوئے کیروسین چھڑک کر خود کو آگ لگانے کی کوشش کی ۔ وہاں پر موجود پارٹی کارکنوں نے سعید کے اس اقدام کو ناکام بنادیا اور فوری حبیب نگر پولیس کو اس بات کی اطلاع دی ۔ پولیس کی پیٹرو ویان پہونچ کر سعید کو حبیب نگر پولیس اسٹیشن منتقل کیا اور اس سے خودسوزی کی کوشش کرنے کی وجہ اور تفصیلات حاصل کی ۔ انسپکٹر حبیب نگر مسٹر مدھوگوڑ سوامی نے مذکورہ شخص کے افراد خاندان کو پولیس اسٹیشن طلب کیا اور بعد ازاں اس کی کونسلنگ کرنے کے بعد رشتہ داروں کے حوالے کردیا ۔ اسی طرح آج شام بھی ایک نامعلوم شخص دارالسلام میں داخل ہوکر ہنگامہ آرائی کی جس کے نتیجہ میں پولیس نے اسے حراست میں لیکر تفتیش کی جہاں پر پولیس کو یہ معلوم ہوا ہے کہ اس شخص کا دماغی توازن ٹھیک نہیں ہے اور اسے رہا کردیا ۔

TOPPOPULARRECENT