Friday , September 21 2018
Home / شہر کی خبریں / چندرابابو کے دورہ اننت پور کا کل سے آغاز

چندرابابو کے دورہ اننت پور کا کل سے آغاز

حیدرآباد 22 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو جاریہ ماہ یعنی 24 اور 25 جولائی کو اننت پور ضلع کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ چیف منسٹر آندھراپردیش کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ مسٹر نائیڈو کا ضلع اننت پور کو یہ پہلا دورہ رہے گا۔ چندرابابو نائیڈو کے دورہ ضلع اننت پور کو کامیاب بنانے کیلئے ایک طرف پارٹی قائدین دوسری طرف سکیورٹی انتظامات میں مصروف ہیں۔ پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ 24 جولائی کو مسٹر چندرابابو نائیڈو ضلع اننت پور پہونچنے کے فوری بعد پٹاپرتی میں واقع ستیہ سائی بابا کی سمادھی کے پاس پہونچ کر گلہائے عقیدت پیش کریں گے لہذا اس دورہ کیلئے ستیہ سائی ایرپورٹ تا پٹا پرتی پرشانتی نیلائم تک پولیس کی جانب سے آہنی سلاخوں کے ذریعہ حد بندی کے اقدامات کررہی ہے۔ مسٹر نائیڈو پرشانتی نیلائم سے نکلنے کے بعد مختلف منڈلوں کا دورہ کریں گے۔ اسی دوران شریمتی پریٹالہ سنیتا وزیر حکومت آندھراپردیش نے کہاکہ بحیثیت چیف منسٹر آندھراپردیش حلف لینے کے بعد مسٹر چندرابابو نائیڈو ضلع اننت پور کا دو روزہ دورہ کررہے ہیں اور اس دورہ کو کامیاب بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ مسٹر نائیڈو سائی بابا مندر کا درشن کرنے کے بعد ڈواکرا خواتین کے جلسہ سے خطاب کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT