Tuesday , September 25 2018
Home / شہر کی خبریں / چندرابابو 100 دن کی تکمیل پر جشن نہیں منائیں گے

چندرابابو 100 دن کی تکمیل پر جشن نہیں منائیں گے

بحران زدہ ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا عہد

بحران زدہ ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا عہد
حیدرآباد 16 ستمبر (پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو جنھوں نے اپنی پارٹی کے اقتدار کے 100 دن مکمل کرلئے ہیں، کہاکہ وہ اِس موقع پر کوئی جشن نہیں منائیں گے۔ مسٹر نائیڈو نے آج دوپہر یہاں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’میں اپنی حکومت کے پہلے 100 دن کی تکمیل کا جشن نہیں منارہا ہوں۔ میرا واحد مقصد یہی ہے کہ اِس بحران زدہ ریاست کو دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن کیا جائے‘‘۔ تاہم مسٹر چندرابابو نائیڈو نے اپنی حکومت کے پہلے 100 دن کی تکمیل پر آندھراپردیش کے ریاستی محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی طرف سے جاری کردہ ایک کتابچہ کی رسم اجراء انجام دی۔ جس کے پیش لفظ میں آندھراپردیش کے چیف منسٹر نے کہا ہے کہ ’’ہم حکومت میں 100 دن مکمل کرچکے ہیں، اِن انتہائی اہم ایام میں ہم نے اپنی ریاست کیلئے پالیسیوں کی ترتیب و تدوین کیلئے سخت محنت کی ہے۔ ہم محسوس کرتے ہیں کہ ہمارا ہر قدم ہمارے ملک کا مستقبل مرتب کرنے کی راہ میں ایک مضبوط بنیاد ثابت ہوسکتا ہے‘‘۔ چندرابابو نائیڈو نے تقسیم شدہ آندھراپردیش کے پہلے چیف منسٹر کی حیثیت سے اِس سال 8 جون کو اپنے عہدہ کا جائزہ لیا تھا۔ بحیثیت چیف منسٹر اُن کی یہ تیسری میعاد ہے۔ 1995 ء تا 2004 ء وہ متحدہ آندھراپردیش کے دو مرتبہ چیف منسٹر رہ چکے ہیں۔ چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ 2022 ء تک وہ آندھراپردیش کو ملک کی 3 سرکردہ ریاستوں میں مقام دلائیں گے اور 2029 ء تک آندھراپردیش کو ملک کی پہلی ترقی یافتہ و خوشحال ریاست بنانا ریاستی تلگودیشم ۔ بی جے پی حکومت کے معلنہ مقاصد میں شامل ہے۔

TOPPOPULARRECENT