Thursday , May 24 2018
Home / شہر کی خبریں / چندرا بابو نائیڈو اقلیت دوست، مسلمانوں کی ترقی کے اقدامات

چندرا بابو نائیڈو اقلیت دوست، مسلمانوں کی ترقی کے اقدامات

اے پی حج کمیٹی کا اجلاس، محمداحمد شریف کو تہنیت، چیرمین بورڈ احمد مومن حسین کا خطاب
حیدرآباد۔/17فبروری، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش حج کمیٹی کا اجلاس صدرنشین احمد مومن حسین کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں گورنمنٹ وہپ محمد احمد شریف کو تہنیت پیش کی گئی۔ رکن قانون ساز کونسل احمد شریف حج کمیٹی کے رکن ہیں اور حکومت نے حال ہی میں انہیں گورنمنٹ وہپ مقرر کیا ہے۔ اجلاس میں حج 2018 سے متعلق بعض اُمور کا جائزہ لیا گیا۔ صدرنشین احمد مومن حسین نے کہا کہ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو عازمین حج کو بہتر خدمات کی فراہمی کے سلسلہ میں حج کمیٹی سے مکمل تعاون کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج انتظامات کے سلسلہ میں حکومت نے 15 کروڑ روپئے بجٹ مختص کیا ہے جو کسی بھی ریاست کے حج کمیٹی کے بجٹ میں سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کڑپہ میں 12 کروڑ کے مصارف سے حج ہاوز کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ وجئے واڑہ میں بھی حج ہاوز کی تعمیر کے سلسلہ میں اراضی کی نشاندہی کا کام جاری ہے۔ احمد مومن حسین نے کہا کہ دونوں حج ہاوز میں عازمین حج کیلئے بہتر سہولتیں حاصل رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وجئے واڑہ میں اراضی کی نشاندہی کے ساتھ ہی 24 کروڑ کے مصارف سے تعمیری کاموں کا آغاز ہوگا۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو سنگ بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے عازمین حج کی وجئے واڑہ سے روانگی کے سلسلہ میں مرکز سے نمائندگی کی گئی ہے۔ گناورم وجئے واڑہ ایر پورٹ کے رن وے کی توسیع کا کام جاری ہے۔ توقع ہے کہ یہ کام آئندہ سال مکمل ہوجائیگا۔ آندھرا پردیش کے عازمین آئندہ سال سے حیدرآباد کے بجائے وجئے واڑہ سے روانہ ہوں گے۔ گورنمنٹ وہپ محمد احمد شریف نے کہا کہ اقلیتوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے چندرا بابو نائیڈو حکومت نے کئی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف فلاحی اسکیمات کے ذریعہ اقلیتوں کی معاشی پسماندگی ختم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اقلیت دوست ہیں اور وہ آئندہ بجٹ میں اقلیتی بہبود کیلئے بجٹ میں اضافہ اور نئی اسکیمات کے آغاز کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT