Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / چندرا بابو نائیڈو چیف منسٹر آندھرا پردیش کا دورہ دبئی

چندرا بابو نائیڈو چیف منسٹر آندھرا پردیش کا دورہ دبئی

تلگو عوام سے خطاب، تلگو قوم کی برقراری تک این ٹی آر کے نام کی برقراری کا ادعا
حیدرآباد۔/22اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلگو قوم رہنے تک عوام کے دلوں میں آنجہانی این ٹی راما راؤ ہمیشہ کیلئے برقرار رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلگو عوام جہاں کہیں بھی رہیں وہ اپنا لوہا منوائیں گے اور اپنے بہتر تال میل و شاندار کارکردگی کے ذریعہ اس ملک و مقام کے عوام کے دل جیت لیں گے۔ آندھرا پردیش میں اگر کوئی کاروبار کیلئے آگے بڑھیں گے تو ریاستی حکومت ان کی مکمل مدد و تعاون کرے گی۔ چندرا بابو نائیڈو نے اپنے دورہ امریکہ کے اختتام پر گذشتہ شب دبئی پہنچنے کے بعد آج دبئی میں اپنے قیام کے دوران ’’ دبئی میں مقیم تلگو عوام ‘‘ ( نان ریسیڈنٹ تلگو عوام ) کے زیراہتمام منعقدہ کنونشن میں شریک ہوکر اپنے خطاب میں کہا کہ وہ بیرونی ممالک کے دوروں کے ایک حصہ کے تحت دبئی کا بھی دورہ کررہے ہیں۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو کے دبئی پہنچنے پر تلگو عوام کے علاوہ دیگر نے ایر پورٹ پر شاندار استقبال کیا۔ بعد ازاں چیف منسٹر یو اے ای میں تعینات ہندوستانی ایمبسیڈر ( سفیر ) نودیپ سنگھ سے ملاقات کی اور بعض اُمور پر تبادلہ خیال کیا اوران کے دورہ دبئی پر آمد کے مقاصد و منشاء سے واقف کروایا۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ نائیڈو نے دبئی شہر میں پائے جانے والے انڈین ہائی اسکول آڈیٹوریم میں تلگو سماج کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں شرکت کرکے اپنی اثر انداز تقریر کی۔ اس موقع پر اجلاس میں شریک بعض افراد نے دبئی کے مقابلہ میں وشاکھاپٹنم شہر کی ستائش کرنے پر چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اپنی مسرت کا اظہار کیا اور آندھرا پردیش میں تیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے کیلئے کس طرح کی ٹکنالوجی سے استفادہ کیا جارہاہے اس کی مکمل تفصیلات سے دبئی میں مقیم تلگو عوام کو واقف کروایا۔ اس اجلاس کے اختتام پر بزنس لیڈرس فورم کے منعقدہ اجلاس میں مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے شرکت کی اور اس اجلاس میں مسٹر نائیڈو نے آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کے پائے جانے والے مواقعوں کے تعلق سے دبئی کے صنعت کاروں، ممتاز بزنس مینوں اور سرمایہ کاروں کو مکمل تفصیلات سے واقف کروایا۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے دبئی کی تعمیر میں حصہ لیتے ہوئے تمام تلگو عوام کو امراوتی کی تعمیر میں بھی برابر کے حصہ دار بننے کی اپیل کی۔ دبئی کے دورہ کے دوران مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے انڈین بزنس اینڈ پروفیشنل کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کو خوبصورت ترقی یافتہ شہر بنانے کے بعد اب دوبارہ امراوتی کو خوبصورت شہر میں تبدیل کرنے کا زرین موقع مجھے فراہم ہونے پر مجھے خوشی محسوس ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں آٹو موبائیل، فارما، ایرواسپیس، فینیٹک شعبہ جات کی ترقی کیلئے بڑے پیمانہ پر کوشش کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں انتہائی شاندار فروغ انسانی وسائل پائے جانے والی ریاست آندھرا پردیش کو ’’ نالج ھب‘‘ کے طور پر تیار کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT