Saturday , January 20 2018
Home / شہر کی خبریں / چندرا بابو نائیڈو 22 ستمبر کو عازمین حج کو وداع کریں گے

چندرا بابو نائیڈو 22 ستمبر کو عازمین حج کو وداع کریں گے

سیما آندھرا کے عازمین کو فراہم کردہ سہولتوں کا مشاہدہ ، وزیر ڈاکٹر پی رگھوناتھ ریڈی کا دورہ

سیما آندھرا کے عازمین کو فراہم کردہ سہولتوں کا مشاہدہ ، وزیر ڈاکٹر پی رگھوناتھ ریڈی کا دورہ
حیدرآباد۔/16ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو توقع ہے کہ 22 ستمبر کو حج ہاوز نامپلی میں حج کمیٹی کے ذریعہ روانہ ہونے والے آندھرا پردیش کے عازمین حج کو وداع کریں گے۔ سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کی روانگی کا 22ستمبر سے آغاز ہوگا اور 25ستمبر تک ان کی روانگی کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ وزیر اقلیتی بہبود آندھرا پردیش ڈاکٹر پی رگھوناتھ ریڈی نے حج ہاوز پہنچ کر حج کیمپ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اسپیشل آفیسر وقف بورڈ محمد جلال الدین اکبر، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور ایکزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی ایم اے حمید کے ساتھ حج کیمپ میں عازمین حج کیلئے فراہم کردہ سہولتوں کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے آندھرا پردیش کے عازمین حج کی روانگی کے پروگرام کی تفصیلات حاصل کی اور کہا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو آندھرا پردیش کے عازمین حج کو وداع کرنے کیلئے پہلے ہی دن حج ہاوز آنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ 22ستمبر کو آندھرا پردیش کے عازمین سے ملاقات کیلئے حج ہاوز پہنچیں گے۔ پی رگھوناتھ ریڈی نے حج ہاوز کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے قیام و طعام اور دیگر سرکاری اُمور کی تکمیل کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے حج کمیٹی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت بہتر سے بہتر انتظامات کیلئے حج کمیٹی سے مکمل تعاون کرنے تیار ہے۔ آندھرا پردیش کے کسی شہر سے عازمین حج کی فلائیٹس کی روانگی کے انتظامات تک سیما آندھرا کے عازمین حیدرآباد سے ہی روانہ ہوں گے۔حج کمیٹی کے ذریعہ جملہ 6346 عازمین روانہ ہورہے ہیں جن میں 3949کا تعلق تلنگانہ اور مابقی کا آندھرا پردیش سے ہے۔ کرناٹک کے 774 عازمین حیدرآباد سے روانہ ہورہے ہیں۔ وزیر اقلیتی بہبود آندھرا پردیش نے حج ہاوز کے قریب کل رات برقی کی زد میں آکر پیش آئی ہلاکتوں کے واقعہ کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی۔ انہوں نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور بتایا کہ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے بھی اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے احتیاطی اقدامات کی ہدایت دی ہے۔چندرا بابو نائیڈو نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اس حادثہ میں عازمین حج اور ان کے رشتہ دار محفوظ رہے۔

TOPPOPULARRECENT