Thursday , April 19 2018
Home / شہر کی خبریں / چندرا بابو کو ڈرامہ ختم کرکے جدوجہد کرنے پر زور

چندرا بابو کو ڈرامہ ختم کرکے جدوجہد کرنے پر زور

سابق مرکزی وزیر و کانگریس قائد سوریہ پرکاش ریڈی کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 7 اپریل (سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر و سینئر کانگریس قائد مسٹر کے جیا سوریہ پرکاش ریڈی نے چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو ڈرامے ختم کرکے ریاستی عوام کے درخشاں مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے جدوجہد کرنے کیلئے کمربستہ ہوجانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ریاست کو خصوصی موقف فراہم کرنے اور تقسیم ریاست کے موقع پر دیئے گئے تیقنات کو پورا کرنے کے مطالبہ پر 3 اپریل سے منظم کردہ زنجیری بھوک ہڑتال ختم کی گئی۔ بعدازاں صدر ضلع کانگریس کمیٹی کرنول مسٹر لکشمی ریڈی کے ہمراہ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر کوٹلہ جیا سوریہ پرکاش ریڈی نے کہاکہ چیف منسٹر آندھراپردیش گذشتہ چار سال سے خاموشی اختیار کرکے اب اچانک ریاست کو خصوصی موقف کے مسئلہ پر اور ریاست کے ساتھ ناانصافی کرنے پر کیوں واویلا مچا رہے ہیں۔ ریاست کے عوام سنجیدگی کے ساتھ نہ صرف غور کررہے ہیں بلکہ مکمل جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے ریاست کیلئے پیاکیج کے تحت رقومات حاصل کرکے اب پھر سے انتخابات کے آنے کو پیش نظر رکھتے ہوئے ریاست کیلئے خصوصی موقف دینے کے نام پر پارلیمنٹ میں صرف برائے نام ہنگامہ کروایا گیا۔ سابق مرکزی وزیر نے چندرا بابو نائیڈو کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ریاست کو خصوصی موقف کا حصول علاقائی پارٹیوں سے نہیں بلکہ صرف اور صرف قومی جماعتوں کے ذریعہ ہی ممکن ہوسکے گا۔ سوریہ پرکاش ریڈی نے پرزور الفاظ میں کہا کہ کانگریس پارٹی کے اقتدار حاصل کرنے پر ہی آندھراپردیش کو فوری طور پر خصوصی موقف فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر پریس کانفرنس میں آندھراپردیش کانگریس کمیٹی جنرل سکریٹری مسٹر ستار آندھراپردیش کانگریس کمیٹی اقلیتی سیل چیرمین مسٹر احمد علی خان کے علاوہ سردار بچیا بابو اور خلیل باشاہ قائدین کانگریس کمیٹی بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT