Thursday , September 20 2018
Home / شہر کی خبریں / چندرا بابو کی دہلی میں مختلف قائدین سے ملاقات پر ہلچل

چندرا بابو کی دہلی میں مختلف قائدین سے ملاقات پر ہلچل

مرکزی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر سیاسی جماعتوں سے حصول تائید کی کوشش
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : قومی صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے دہلی چیف منسٹر مسٹر اروند کجریوال نے آج اے پی بھون پہونچ کر ملاقات کی اور دونوں چیف منسٹروں کے مابین کافی تفصیلی بات چیت ہوئی ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو جنہوں نے آندھرا پردیش کے ساتھ مرکزی حکومت کی جانب سے کی جانے والی نا انصافیوں سے ماسوا بی جے پی دیگر تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کر کے اور مکمل حالات سے واقف کروانے کے سلسلہ میں دو دن سے دہلی میں قیام کر کے اپنے مشن و مقصد میں کامیابی حاصل کررہے ہیں ۔ جیسا کہ وہ چاہتے تھے کہ دہلی روانہ ہو کر مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کر کے انہیں بی جے پی کی ریاست کے ساتھ مبینہ زیادتیوں سے واقف کروا سکیں ۔ لہذا چندرا بابو نے گزشتہ دن اور آج مختلف قائدین سے ملاقات کر کے دہلی میں ایک نئی ہلچل مچا رکھی ہے ۔ اس کے علاوہ تلگو دیشم نے این ڈی اے سے علحدگی اختیار کرنے کے فوری بعد پارلیمنٹ میں پارٹی ارکان پارلیمان کے ذریعہ احتجاج میں شدت کرنے کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی پیش کی ہے لیکن تحریک پر مباحث کے مواقع فراہم نہ کر کے حکومت کی ایماء پر ہی لوک سبھا کی کارروائی کے آغاز ہونے کے چند منٹوں کے اندر ہی پارلیمنٹ میں احتجاج کئے جانے کو بنیاد بناکر ہر روز پارلیمنٹ کی کارروائی کو ملتوی کردی جارہی ہے ۔ ان حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے خود قومی صدر تلگو دیشم نے دہلی پہونچ گئے اور مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی زیر قیادت حکومت کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد کی تائید کرنے کی مختلف قومی و علاقائی سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کر کے خواہش کی ہے ۔ اس طرح مسٹر چندرا بابو نائیڈو تحریک عدم اعتماد کی ملاقات کیے ہوئے قائدین سے تائید حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریبا تمام تر قائدین جن سے گذشتہ دن اور آج مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے ملاقات کی تھی بھر پور تائید کرنے کا واضح تیقن دیا ہے ۔ اسی دوران رکن پارلیمان تلگو دیشم پارٹی مسٹر سی ایم رمیش نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر اور پارلیمنٹ کے باہر ارکان پارلیمان تلگو دیشم پارٹی کے جاری احتجاج میں اپنی بھر پور تائید و تعاون کرنے کا چیف منسٹر دہلی مسٹر اروند کجریوال نے واضح تیقن دیا ہے ۔ مسٹر سی ایم رمیش جنہوں نے آج دہلی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کی تھی کہا کہ تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے مرکزی حکومت کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد پر مباحث کروانے سے بی جے پی رضا مند نہیں ہے ۔ جس کے پیش نظر بی جے پی دیگر پارٹی کے ارکان پارلیمان کے ذریعہ صرف برائے نام ایوان میں احتجاج منظم کروا کر اس احتجاج کے نام پر مسلسل پارلیمنٹ کی کارروائی کو ملتوی کروانے کے اقدامات کررہی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT