Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / چندرشیکھر راؤ ، صدر ٹی آر ایس منتخب

چندرشیکھر راؤ ، صدر ٹی آر ایس منتخب

کے ٹی آر کو ورکنگ پریسیڈنٹ بنائے جانے کا امکان

کے ٹی آر کو ورکنگ پریسیڈنٹ بنائے جانے کا امکان
حیدرآباد ۔20 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے صدر کی حیثیت سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آیا۔ اس طرح پارٹی کے قیام کے بعد سے کے سی آر مسلسل متفقہ طور پر پارٹی صدر کے عہدہ پر منتخب ہورہے ہیں۔ پارٹی صدر کے عہدہ کیلئے آج پرچہ نامزدگی کے ادخال کا دن تھا اور مختلف وزراء اور قائدین کی جانب سے کے سی آر کے حق میں 6 پرچہ جات نامزدگی داخل کئے گئے۔ کسی اور قائد نے صدارت کیلئے اپنی دعویداری پیش نہیں کی جس کے باعث کے سی آر کے متفقہ انتخاب کا اعلان کیا گیا۔ ریٹرننگ آفیسر ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے بتایا کہ چندر شیکھر راؤ کے حق میں 6 نامزدگیاں داخل کی گئیں۔ چونکہ کسی اور نے پرچہ نامزدگی داخل نہیں کیا لہذا کے سی آر پارٹی کے دوبارہ صدر منتخب ہوچکے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے کے سی آر کی صدارت کے حق میں تحریک پیش کی جس کی 6 وزراء نے تائید کی۔ ٹی آر ایس صدر کا انتخاب اگرچہ محض ایک ضابطہ کی تکمیل ہے لیکن پارٹی نے اس کیلئے باقاعدہ طریقہ کار اور قواعد کی تکمیل کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 24 اپریل سے شروع ہونے والے پارٹی کے پلینری سیشن میں کے سی آر کے فرزند کے ٹی راما راؤ کو پارٹی کا ورکنگ پریسیڈنٹ بنایا جاسکتا ہے۔ پارٹی کے مختلف قائدین کی جانب سے اس سلسلہ میں کے سی آر کو تجویز پیش کی گئی کہ ریاست میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچہ کو مستحکم کرنے کے لئے کے ٹی آر کو ذمہ داری دی جانی چاہئے ۔ ٹی آر ایس اقتدار میں آنے کے بعد پہلا پلینری سیشن بڑے پیمانہ پر منعقد کر رہی ہے۔ ہر ضلع سے تقریباً 40,000 مندوبین کی شرکت کو یقینی بنایا جارہا ہے اور وزراء و عوامی نمائندوں کو ذمہ داری دی گئی ہے ۔ 27 اپریل کو پریڈ گراؤنڈ پر جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں 10 لاکھ افراد شرکت کا اندازہ ہے۔

TOPPOPULARRECENT