Saturday , December 15 2018

چندر شیکھر راؤ اقلیتوں سے وعدوں کی تکمیل میں سنجیدہ

صدر ٹی آر ایس کو انتخابات میں اقلیتوں کی تائید کا اعتراف : ایم ایل سی محمود علی کا بیان

صدر ٹی آر ایس کو انتخابات میں اقلیتوں کی تائید کا اعتراف : ایم ایل سی محمود علی کا بیان

حیدرآباد۔/20مئی، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سربراہ اور تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ انتخابی منشور میں اقلیتوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے سلسلہ میں سنجیدہ ہیں اور حکومت کے قیام کے بعد ترجیحی بنیادوں پر وعدوں کی تکمیل کی جائے گی۔ ٹی آر ایس کے سینئر قائد اور رکن قانون ساز کونسل محمد محمود علی نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کے دوران اقلیتوں کے مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔ کے سی آر نے انتخابات میں اقلیتوں کی بھرپور تائید کا اعتراف کرتے ہوئے محمود علی کو یقین دلایا کہ وہ اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی یقینی بنانے تمام وعدوں پر عمل کریں گے اور بجٹ کی فراہمی حکومت کیلئے کوئی مسئلہ نہیں رہے گی۔ محمود علی کے مطابق اقلیتوں کیلئے 12فیصد تحفظات، کے جی تا پی جی مفت تعلیم کا انتظام، اقلیتی بہبود کا بجٹ سالانہ ایک ہزار کروڑ مختص کرنا اور وقف بورڈ کو زائد اختیارات کی فراہمی جیسے وعدوں پر بہر صورت عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور ناجائز قبضوں کی برخواستگی کے ذریعہ ان جائیدادوں کی آمدنی اقلیتوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کی ہر ممکن مساعی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہو یا پھر کوئی بڑی کمپنی جو بھی اوقافی اراضیات پر قابض ہیں ان سے زمینات حاصل کی جائیں گی۔ محمود علی نے کہا کہ وقف بورڈ کو زائد اختیارات کے ذریعہ اسے قابضین کے خلاف کارروائی کا حق دیا جائے گا تاکہ قابضین عدالتوں کا سہارا لیکر اپنے قبضوں کو برقرار رکھنے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔ محمود علی نے اسپیشل آفیسر وقف بورڈ شیخ محمد اقبال کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ حالیہ عرصہ میں انہوں نے وقف قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے تعلق سے جو کارروائیاں کی ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اس طرح کے دیانتدار عہدیداروں کی نہ صرف حوصلہ افزائی کرے گی بلکہ اس عہدہ پر میعاد میں توسیع کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ تلنگانہ میں اقلیتوں کو درپیش مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور دیگر طبقات کی طرح اقلیتوں کو خود مکتفی بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔ محمود علی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت پرانے شہر کی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے خصوصی پیاکیج کے ذریعہ ترقیاتی اقدامات کو روبہ عمل لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی مسائل کی یکسوئی، مدارس کا قیام اور غریبوں کیلئے مفت علاج کی سہولتوں کی فراہمی ٹی آر ایس کی اولین ترجیح ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT