Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / چنڈی یاگم کے انعقاد کا مقصد حصول تلنگانہ کیلئے اظہار تشکر

چنڈی یاگم کے انعقاد کا مقصد حصول تلنگانہ کیلئے اظہار تشکر

صدر جمہوریہ ، گورنر ، چندرا بابو و دیگر اہم شخصیتوں کی شرکت ، چیف منسٹر کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔/18ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ 23 تا 27ڈسمبر  میدک میں ہونے والے ’ چنڈی یاگم ‘ میں صدر جمہوریہ پرنب مکرجی، گورنر ای ایس ایل نرسمہن، چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو، گورنر تاملناڈو کے روشیا، مرکزی وزراء، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججس اور اہم شخصیتیں شرکت کریں گی۔ چندر شیکھر راؤ نے آج میدک کے جگدیو پور منڈل کے یرا ولی میں واقع اپنے فارم ہاوز میں اس یاگم کے انتظامات کا جائزہ لیا اور میڈیا کے نمائندوں کو تفصیلات سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر کے وسیع و عریض فارم ہاوز میں اس خصوصی یاگم کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ کے سی آر نے بتایا کہ انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور اہم شخصیتوں کے علاوہ کوئی بھی عام شہری بھی اس یاگم میں شرکت کرسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یاگم کے مقام کو پہنچنے کیلئے دو راستے مقررکئے گئے ہیں۔ ایک راستہ اہم شخصیتوں کیلئے رہے گا جبکہ دوسرے راستہ سے عام افراد پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے یاگم کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام سے تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے بتایا کہ یاگم کے دوران میڈیا کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چنڈی یاگم کے انعقاد کا مقصد تلنگانہ کے حصول کیلئے اظہار تشکر کرنا ہے۔ کے سی آر کے مطابق ریاست بھر میں 40ہزار سے زائد افراد کو یاگم میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔7ریاستوں سے تعلق رکھنے والے پنڈت اس میں حصہ لیں گے۔ بیک وقت 15ہزار سَنت اور سادھو پوجا میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ 50ہزار افراد کیلئے پرساد کی تقسیم کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مکمل طور پر ڈسپلن برقرار رکھیں۔ چیف منسٹر گزشتہ کئی دن سے رات دن فارم ہاوز میں قیام کرتے ہوئے انتظامات کی شخصی طور پر نگرانی کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کی تشکیل کیلئے انہوں نے جو منت مانگی تھی اس کی تکمیل پر بھگوان سے اظہار تشکر کیلئے اس خصوصی پوجا کا اہتمام کیا گیا۔ اس خصوصی پوجا میں عالمی امن، عوام کی بھلائی اور بھائی چارہ کے فروغ کیلئے دعائیں کی جائیں گی۔ اس یاگم میں بھجن، گیت، ہری کتھا کے علاوہ دوسرے مذہبی مراسم انجام دیئے جائیں گے۔ کے سی آر نے اخباری نمائندوں کو یاگم کے مقام کے مختلف گوشوں اور ان میں فراہم کردہ سہولتوں سے واقف کرایا۔

TOPPOPULARRECENT