Monday , December 18 2017
Home / ہندوستان / چوٹیاں کاٹنے کے واقعات کیخلاف خواتین کا احتجاج

چوٹیاں کاٹنے کے واقعات کیخلاف خواتین کا احتجاج

مظاہرین کو منتشر کرنے سیکورٹی فورسز نے آنسو گیس کا استعمال کیا
سرینگر 9اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام ) سیکورٹی فورسز نے جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سری نگر کے بٹمالو علاقہ میں چوٹیاں کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف احتجاج کررہی خواتین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق بٹمالو کے فردوس آباد میں اتوار کے روز چوٹی کاٹنے کا تازہ واقعہ پیش آیا۔ اِن واقعات کے خلاف درجنوں خواتین نے پیر کے روز ایک احتجاجی جلوس نکالا۔ وہ ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کررہی تھیں۔ تاہم جب احتجاجی خواتین کا جلوس بٹمالو مین چوک کے نزدیک پہنچا تو سیکورٹی فورسز نے انھیں منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ بعض اطلاعات کے مطابق بھگدڑ میں متعدد خواتین سڑک پر گرنے سے زخمی ہوئیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق وسطی کشمیر کے ضلع گندربل میں اتوار کے روز خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے دو تازہ واقعات سامنے آئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر بالخصوص جنوبی اور وسطی کشمیر میں خواتین کی پراسرار طور پر چوٹیاں کاٹنے کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT