Tuesday , December 11 2018

چوک گھڑیال کو سیاحتی مرکز بنانے کا فیصلہ ‘ جلد عمل آوری متوقع

حیدرآباد۔9۔اکتوبر (سیاست نیوز) چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تحت اطراف کے جن علاقوں کو ترقی دینے کا منصوبہ ہے، ان میں چوک گھڑیال کو بھی سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دینا بھی شامل ہے۔ بلدیہ حیدرآباد کی جانب سے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کو پانچ مراحل میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پہلے مرحلہ میں پراجکٹ کے تحت آنے والے تمام قبضہ جات کی برخواستگی کے علاوہ سڑکوں کی توسیع کے کاموں کی تکمیل شامل ہے جبکہ دوسرے مرحلہ میں زیر زمین برقی سربراہی نظام کو بہتر بنانے کا منصوبہ ہے۔ پہلے مرحلہ کی کارروائی کے دوران چارمینار کے اطراف بعض جائیدادیں حاصل کی جاچکی ہیں اور بہت جلد دوسرے حصہ کے کاموں کا آ غاز ہوگا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بلدیہ نے فوری جامع مسجد چوک کے روبرو واقع چوک گھڑیال کے اطراف قبضہ جات کو برخواست کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس گارڈن کو تفریحی مرکز کے طور پر فروغ دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ نواب میر محبوب علی خان کے دور میں تعمیر کردہ اس تاریخی چوک گھڑیال کے تحفظ کو یقینی بنانے اقدامات کی متعدد مرتبہ مختلف تنظیموں کی جانب سے خواہش کی گئی ہے لیکن اس کے باوجود چھوٹے بیوپاریوں کے کاروبار کو مدنظر رکھ کر چوک گھڑیال کے اطراف کاروبار برخواست نہیں کروائے گئے تھے لیکن اب جبکہ بلدیہ حیدرآباد نے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور بلدیہ کو سیاسی حمایت بھی حاصل ہورہی ہے تو ایسی صورت میں عہدیدار ان چھوٹے بیوپاریوں کو اس مقام سے فوری طور پر منتقل کرکے 1892 ء میں تعمیر کئے گئے اس کلاک ٹاؤر کے تحفظ کو یقینی بنانے کے متعلق منصوبہ تیار کر رہے ہیں۔ محبوب چوک علاقہ کے تاجرین کے بموجب بلدیہ نے اپنے منصوبہ سے مقامی تاجرین کو واقف کروادیا ہے اور کسی بھی وقت اس علاقہ میں کارروائی کی جاسکتی ہے۔ محبوب چوک میں واقع اس کلاک ٹاؤر کو سال 2008 میں تاریخی و تہذیبی ورثہ کے تحفظ کے سلسلہ میں خدمات انجام دینے والی تنظیم INTACH کی جانب سے ایوارڈ دیا گیا تھا اور ٹاور کی خوبصورتی کی برقراری کے علاوہ اطراف میں موجود پارک کو مزید خوبصورت بنانے نمائندگی کی گئی تھی۔ ہند ۔ یوروپی طرز تعمیر کا شاہکار یہ کلاک ٹاؤر تفریحی مرکز کے طور پر فروغ دیئے جانے کی صورت میں علاقہ کی رونق میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ پر مصروف عہدیداروں کے بموجب ابتدائی منصوبہ میں محبوب چوک کلاک ٹاؤر کو اطراف موجود پارک کے ساتھ معیاری طور پر فروغ دینے کا منصوبہ تھا لیکن اب اس منصوبہ میں ترمیم کرکے اسے بہترین عصری ٹکنالوجی سے آراستہ کرکے اس علاقہ کی ترقی کا ذریعہ بنانے غور کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے بموجب پارک کے فروغ سے متاثر چھوٹے بیوپاریوں کو متبادل جگہ کی فراہمی سے متعلق بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT