Sunday , September 23 2018
Home / شہر کی خبریں / چکن کی قیمت میں بھاری کمی

چکن کی قیمت میں بھاری کمی

تلنگانہ میں مرغیوں کی پیداوار میں اضافہ ، مہاراشٹرا سے مرغیوں کی درآمد
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : چکن کی قیمتوں میں ایک ہفتہ کے دوران فی کیلو 60 روپئے کی کمی آئی ہے ۔ موسم گرما کے آغاز سے ہی شدت پیدا ہوجانے پر چکن کی قیمتیں بڑی حد تک گھٹ گئی ہیں ایک ہفتہ قبل 160 روپئے فی کیلو فروخت ہونے والا لائیو چکن برڈ اب 100 روپئے فی کیلو فروخت ہورہا ہے ۔ 180 روپئے فی کیلو فروخت ہونے والا وتھ اسکن چکن اب 120 روپئے فی کیلو فروخت ہورہا ہے ۔ 210 روپئے فی کیلو فروخت ہونے والا اسکن لیس چکن اب 140 روپئے فی کیلو فروخت ہورہا ہے ۔ ایک ہفتہ میں چکن کی قیمت فی کیلو 60 روپئے تک گھٹ گئی ہے ۔ پولٹری شعبہ کے ماہرین نے بتایا کہ تلنگانہ میں مرغیوں کی پیداوار زیادہ ہے ۔ اس کے علاوہ پڑوسی ریاستوں سے بھی چکن مارکٹ میں پہونچنے کی وجہ سے قیمتوں میں گراوٹ آئی ہے ۔ موسم گرما میں چکن کی قیمتوں میں کمی آنا عام بات ہے تاہم ابتداء میں ہی قیمتیں گھٹ جانے پر پولٹری شعبہ کے تاجرین حیرت کا اظہار کررہے ہیں ۔ سارے تلنگانہ میں 9 کروڑ مرغیاں ہیں جن کی نصف تعداد گریٹر حیدرآباد کے حدود میں سے بالخصوص ضلع رنگاریڈی میں زیادہ ہیں ۔ صدر تلنگانہ برڈس اسوسی ایشن ڈاکٹر رنجیت ریڈی نے بتایا کہ مہاراشٹرا سے بھی بڑی تعداد میں مرغیاں تلنگانہ کو پہونچ رہی ہیں ساتھ ہی موسم گرما میں چکن کے ڈیمانڈ بھی گھٹ جاتی ہے ۔ پولٹری فارم میں 65 روپئے کیلو مرغی فروخت ہورہی ہے ۔ ہول سیل میں اس کی قیمت 75 روپئے ہے گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران فی کیلو چکن میں 50 تا 60 روپئے تک کمی آئی ہے ۔ تاہم ریٹل مارکٹ میں قیمتیں کم نہ ہونے کا دعویٰ کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT