Tuesday , November 13 2018
Home / ہندوستان / چھتیس گڑھ میں نکسلائٹس دھماکہ‘4شہری ایک جوان ہلاک

چھتیس گڑھ میں نکسلائٹس دھماکہ‘4شہری ایک جوان ہلاک

رائے پور ۔8نومبر( سیاست ڈاٹ کام ) چھتیس گڑھ کے ضلع دانتے واڑہ میں مشتبہ نکسلائٹس نے دھماکو اشیاء کے ذریعہ ایک بس کو اڑا دیا جس میں 4شہری اور ایک سی آئی ایس ایف جوان ہلاک ہوا ۔ چھتیس گڑھ میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلہ کی پولنگ سے چار دن قبل یہ کارروائی کی گئی ۔ سنٹرل انڈسٹرئیل سیکورٹی فورس کے دو جوان بھی دھماکہ میں زخمی ہوئے ۔ اسمبلی انتخابات والی اس ریاست میں 15دن کے اندر نکسلائٹس کا یہ تیسرا حملہ ہے ۔ یہ حملہ اُس وقت ہوا جب کہ وزیراعظم نریندر مودی ضلع جگدل پور کا کل جمعہ کو دورہ کررہے ہیں ۔ یہ ضلع دنتے واڑہ سے تقریباً 100کلومیٹر دور واقع ہے ۔ وزیراعظم مودی جگدل پور میں بی جے پی امیدوار کیلئے انتخابی مہم چلانے کیلئے پہنچ رہے ہیں ۔ دھماکو اشیاء کو بچیلی مقام کے پہاڑی علاقہ میں رکھا گیا تھا ۔ یہ یہاں سے 450کلومیٹر دور واقع ہے ۔ سی آئی ایس ایف کے جوان جب واپس ہورہے تھے تو دھماکہ کیا گیا ۔مارکٹ سے ضروری اشیاء کی خریدی کے بعد آکاش نگر میں واقع اپنے کیمپ کو واپس ہونے والے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا ۔ دنتے واڑہ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ابھیشیک پلاوا نے کہا کہ نکسلائٹس نے طاقتور ترین آئی ای ڈی دھماکہ کیا ہے ۔ پہاڑی علاقہ میں دھماکہ سے بس ڈرائیور ‘ کنڈکٹر ‘ کلینر اور دیگر ایک شخص کے علاوہ سی آئی ایس ایف کا جوان ہلاک ہوا ۔ مہلوکین کی شناخت ہنوز نہیں ہوسکی ۔ خانگی بس جس میں یہ لوگ سفر کررہے تھے کو نکسلائٹس نے نشانہ بنایا ۔ دھماکہ سے دیگر مسافرین زخمی ہوئے ۔ زخمیوں کو دوانہ میں شریک کیا گیا ہے ۔ ‘ سیکورٹی فورس نے نکسلائٹس کی تلاش شروع کردی ہے۔

TOPPOPULARRECENT