Friday , June 22 2018
Home / شہر کی خبریں / چھوٹے تاجرین کے لیے قرضے و مالی امداد جی ایچ ایم سی کی پیشکش

چھوٹے تاجرین کے لیے قرضے و مالی امداد جی ایچ ایم سی کی پیشکش

فٹ پاتھ پر کاروبار کرنے والوں کو سود خوروں کے چنگل سے نکالنے مجلس بلدیہ کی مساعی ، سومیش کمار کا بیان

فٹ پاتھ پر کاروبار کرنے والوں کو سود خوروں کے چنگل سے نکالنے مجلس بلدیہ کی مساعی ، سومیش کمار کا بیان
حیدرآباد۔ 18؍نومبر (سیاست نیوز)۔ فٹ پاتھس پر کاروبار کرنے والے چھوٹے بیوپاریوں کو بے دخل کرنے والی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اب فٹ پاتھس پر تجارت کرنے والے تاجرین کو مالی امداد فراہم کرے گی۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے چھوٹے کاروباریوں کو سودخوروں کے چنگل سے نکالنے اور انھیں سرکاری طور پر مالی امداد کی فراہمی بشمول قرضہ جات کی اجرائی کے متعلق منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ بلدی عہدیداروں کے بموجب جی ایچ ایم سی عہدیدار اس منصوبہ پر حکمت ِ عملی کی تیاری میں مصروف ہیں۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو صاف صفائی، ٹیکس وصولی کے ادارہ سے آگے بڑھاتے ہوئے بلدیہ کی جانب سے 5 روپئے میں کھانے کی اسکیم شروع کی گئی اور اب چھوٹے تاجرین کو کاروبار کے لئے امداد کی فراہمی کے علاوہ قرضہ جات کے متعلق منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے نہ صرف ٹیکس وصولی و صاف صفائی پر توجہ مرکوز کی ہے بلکہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر کے ساتھ ساتھ شہریوں کی ترقی پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔ مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی شہریوں کی معاشی ہیئت کو تبدیل کرنے کے منصوبہ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور حالیہ عرصہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے ڈرائیور کم اونر اسکیم کے تحت کاریں حوالے کرتے ہوئے انہی گاڑیوں کو بلدیہ کی جانب سے کرائے پر حاصل کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں جس سے نوجوانوں کی معیشت مستحکم ہوگی۔ اسی طرح چھوٹے بیوپاریوں کی معاشی حالت کو تبدیل کرنے کے مقصد سے انھیں چھوٹے قرضہ جات و مالی امداد کی فراہمی کے متعلق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد غور کررہی ہے اور بہت جلد اس اسکیم کو قطعیت دیتے ہوئے چھوٹے کاروباریوں بالخصوص ہاکرس کو مالی امداد فراہم کرتے ہوئے معاشی ترقی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ چھوٹے بیوپاریوں کی معاشی حالت کو تبدیل کرنے سے انقلابی تبدیلی رونما ہونے کے قوی امکانات ہیں، اسی لئے معمولی کاروبار کرنے والوں کو ترجیحی بنیادوں پر تیز رفتاری معاشی ترقی کا حصہ بنانے کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور اسی منصوبہ کے تحت شہر کے ساتھ ساتھ شہریوں کی ترقی کو یقینی بنائی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT