Saturday , July 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / چہل اور یادو کے مظاہرے ناقابل یقین:کوہلی

چہل اور یادو کے مظاہرے ناقابل یقین:کوہلی

 

کیپ ٹاون۔8 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام)جنوبی افریقہ کے خلاف رواں ونڈے سیریز میں ناقابل شکست 3-0 کی سبقت اور گزشتہ مقابلے میں کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے اسپنرس کی جوڑی یوزویندر چہل اور کلدیپ یادو کے مظاہروں کو ناقابل یقین قراردیا ہے لیکن تیزی کے ساتھ کامیابی کا سفر کررہی اس جوڑی کے ٹسٹ کرکٹ میں بھی ایکشن میں آنے کے سوال پر کپتان نے لب کشائی سے گریز کیا۔دوسری جانب میزبان ٹیم کے تجربہ کار بیٹسمین جے پی ڈومینی نے ہندوستانی اسپنرس کی جوڑی کے خلاف بہتر مظاہرہ کے لئے حکمت عملی پر زور دیا ہے اور کہا کہ ہم ہندوستانی اسپنرس کے گوگلیز کو سمجھنے میں غلطیاں کررہے ہیں اور ہمیں انکے خلاف موثر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔یاد رہے کہ ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے مابین6 ونڈے کی سیریز کا تیسرا میچ ہندوستان نے 124رنز سے جیت لیا۔ 304رنز کے ہدف کیلئے جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 40اوورز میں 179رنز پر ڈھیر ہو گئی۔یہ میچ بھی گزشتہ دو میچوں کی طرح یکطرفہ ثابت ہوا۔ میچ میں ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ نے مہمان ٹیم کو کھیلنے کی دعوت دی جو اس کے لئے نقصان دہ ثابت ہوئی۔ کپتان فاف ڈوپلیسی سمیت دیگر 2سینیئر کھلاڑیوں کے بغیر کھیلنے والی نسبت کمزور ٹیم کوہلی کی ٹیم کا سامنا نہ کرسکی۔کوہلی نے ایک مرتبہ پھر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 160رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ کوہلی شانداراننگز کی بدولت مین آف دی میچ قرار پائے۔ مقررہ 50اوورز میں ہندوستان نے 6وکٹوں کے نقصان پر 303رنز بنائے۔ڈومینی نے 2 اور عمران طاہر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ کپتان فاف ڈوپلیسی کے باہر ہونے کے بعد ایڈن مارک رام کی قیادت میں کھیلے جانیوالے دوسرے ونڈے میں بھی جنوبی افریقہ کی ٹیم سنبھل نہ سکی۔ جنوبی افریقہ کے اوپنر ہاشم آملہ ایک مرتبہ پھر ناکام ہو ئے اور دوسرے ہی اوور میں ایک رنز بنا کربمرا کی گیندپر ایل بی ڈبلیوہوگئے۔ ا س کے بعد کپتان مارکرم کے ساتھ پال ڈومنی نے قدرے سنبھل کر کھیلنے کی کوشش کی۔ مارکرم 32رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ ڈومنی نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے انہوں نے 51رنز بنائے۔ ہدف حاصل کرنے کیلئے جنوبی افریقہ کی ٹیم منزل کی جانب گامزن رہی لیکن سست روی کے باعث33ویں اوورز میں 150رنز پر 5وکٹیں گنوا چکی تھی۔ آخری 5کھلاڑی7.3اووز میں صرف 29رنز کا اضافے میں آوٹ ہوئے۔ دوسرے میچ میں 5وکٹیں حاصل کرنیوالے یزویندر سنگھ چہل نے اس میچ میں 4وکٹیں حاصل کیں، کلدیپ یادو نے بھی 4کھلاڑیوں کو آوٹ کر کے بولنگ میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ 2وکٹیں جسپریت بمرا کے حصے میں آئیں۔ ہندوستان نے جنوبی افریقہ سے عالمی درجہ بندی میں نمبرایک مقام بھی چھین لی ہے جسے واپس حاصل کرنے کیلئے جنوبی افریقہ کو طویل عرصہ انتظار کرنا پڑے گا۔چوتھا ونڈے جوہانسبرگ میں 10فروری کو کھیلا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT