Tuesday , July 17 2018
Home / دنیا / چیتے کو کرنسی نوٹس کھلانے کی شرارت وزیٹر دو انگلیوں سے محروم

چیتے کو کرنسی نوٹس کھلانے کی شرارت وزیٹر دو انگلیوں سے محروم

بیجنگ ۔ 24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے ہر شہر میں واقع چڑیا گھر میں یہ نوٹس ضرور لگائی جاتی ہے کہ ’’جانوروں سے چھیڑچھاڑ نہ کریں‘‘ اس کے باوجود وزیٹرس اس کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور خمیازہ بھی بھگتتے ہیں۔ چین میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا جہاں معاملہ چڑیا گھر کا نہیں بلکہ سرکس میں کام کرنے والے چیتے کا تھا جسے پنجرے میں بند رکھا گیا تھا۔ ایک شخص نے پنجرے کے قریب پہنچ کر اسے کرنسی نوٹس کھلانے کی کوشش کی لیکن چیتے نے کرنسی نوٹ کھانے کی بجائے اس کی دو انگلیاں کتر ڈالیں۔ مذکورہ چیتا ایک سرکس میں کام کیا کرتا تھا جس کی نمائش جنگ زگوان میں جاری تھی جو ہنان صوبہ میں واقع ہے۔ اطلاعات کے مطابق 65 سالہ شخص بائی نے پنجرے کے قریب پہنچ کر بطور شرارت کرنسی نوٹ کھلانے کی کوشش کی تھی لیکن اسے اپنے ہاتھ کی دو انگلیوں سے محروم ہونا پڑا۔ پنجرے میں اس وقت شیر، ببر اور چیتا موجود تھے۔ کرنسی نوٹ شیر ببر کو دیئے گئے جو اس نے چبانا شروع کردیئے لیکن چیتے نے بائی کے دائیں ہاتھ کی دو انگلیاں کتر ڈالیں۔ سرکس کا اسٹاف فوری طور پر وہاں پہنچ گیا اور لوہے کی سلاخوں سے مار مار کر چیتے کو وزیٹر کا ہاتھو چھوڑنے پر مجبور کردیا جو اس نے اپنے دانتوں میں دبا رکھا تھا۔ وزیٹر کا ہاتھ بری طرح زخمی ہوگیا اور یہ دیکھتے ہی وہ بے ہوش ہوگیا جسے فوری علاج کیلئے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ چیتے نے وزیٹر کے دائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی پوری طرح کتر ڈالی جبکہ انکوٹھی پہنائے جانے والی انگلی آدھی کتر دی۔

TOPPOPULARRECENT