Tuesday , October 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / چیف سلیکٹرکابھتیجا ہونابڑا مسئلہ بن گیا:امام الحق

چیف سلیکٹرکابھتیجا ہونابڑا مسئلہ بن گیا:امام الحق

کراچی۔5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کے نوجوان بیٹسمین امام الحق نے کہا ہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کابھتیجاہونا میرے لئے بڑا مسئلہ بن چکا ہے جس کی وجہ سے اضافی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے باعث مجھے بہتر سے بہتر کارکردگی دکھانے کا اضافی حوصلہ بھی مل رہا ہے بخوبی جانتا ہوں کہ جس دن بھی میں کسی میچ میں ناکامی کا شکار ہوا تو مجھ پر دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے میں دگنی تنقید کی جائے گی کہ صرف چیف سلیکٹر انضمام الحق سے رشتہ داری کی وجہ سے ٹیم کا حصہ ہوں اور میری صلاحیت کسی کو دکھائی نہیں دے گی۔امام الحق نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے بعد قائداعظم ٹرافی کیلئے بھی میں کارکردگی کی بنیاد پر منتخب ہوا تاہم اس کے باوجود میرے انتخاب پر تنقید کی جارہی ہے۔نوجوان بیٹسمین نے کہا کہ میں اپنی اچھی کارکردگی سے تنقید کا جواب دینے پر یقین رکھتا ہوں۔ٹیم میں منتخب ہو نے کے بعد اسی طرح نقادوں کے منہ بند کئے تھے۔سری لنکا کے خلاف اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری اسکور کرنے والے امام الحق نے کہا کہ وہ اپنی اب تک کی کارکردگی سے مطمئن ہوں ، ملک اور ٹیم کے لئے مزید بہت کچھ کرناچاہتا ہوں۔ انہوں نے اپنی اچھی کارکردگی کاسہرا کوچز کے سرباندھا اور کہا کہ ان کی رہنمائی نے مجھے یہاں تک پہنچایا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کے لئے سخت محنت کررہا ہوں۔ سب سے بڑا خواب یہی ہے کہ میں بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے وہ سب کچھ کرسکوں جو اپنے دور میں میرے چچا انضمام الحق نے کیا۔امام الحق نے مزید کہا کہ انضمام فتح گر کھلاڑی تھے اور انہوں نے پاکستانی ٹیم کو کئی فتوحات سے ہمکنار کیا، میں بھی پاکستان کے لئے ایسا ہی نمایاں کھلاڑی بننا چاہتا ہوں۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT