Monday , August 20 2018
Home / سیاسیات / چیف سکریٹری دہلی کیساتھ بدسلوکی ’’شہری نکسل ازم‘‘ : بی جے پی

چیف سکریٹری دہلی کیساتھ بدسلوکی ’’شہری نکسل ازم‘‘ : بی جے پی

کانگریس کا اروند کجریوال سے معذرت خواہی کا مطالبہ
نئی دہلی۔20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے چیف سکریٹری انشو پرکاش کے ساتھ چیف منسٹراروند کجریوال کے گھر پر مبینہ طور پر بدسلوکی کا معاملہ سامنے آنے کے بعد بی جے پی نے شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ’’اربن نکسل ازم‘‘ سے تعبیر کیا ہے جبکہ دوسری طرف کانگریس نے اسے انتظامی اور دستوری بحران قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر دہلی سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ہے،تاہم چیف منسٹر کے دفتر نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا کوئی واقعہ پیش ہی نہیں آیا ہے۔ دوسری طرف میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مسٹر پرکاش کیساتھ مبینہ طور پر یہ بدسلوکی مسٹر کجریوال کی موجودگی میں ان کی سرکاری رہائش گاہ پر دیر رات دو پارٹی ممبران اسمبلی نے کی۔چیف سیکریٹری انشو پرکاش نے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل سے اس معاملے کو لے کر ملاقات کی اور عام آدمی پارٹی کے دو ارکان اسمبلی اجے دت اور پرکاش جھاروال کے خلاف شکایت درج کرائی۔ ان کا الزام ہے کہ چیف منسٹر اروند کیجریوال کے سامنے ہی ان کے ساتھ بدتمیزی کی گئی۔چیف سیکریٹری انشو پرکاش کا الزام ہے کہ وزیراعلی اروند کجریوال کے سامنے ہی ان کے ساتھ بدتمیزی کی گئی۔وہیں، اس معاملہ سے ناراض دلی کے آئی اے ایس ایسوسی ایشن نے عآپ ارکان اسمبلی کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کرتے ہوئے ہڑتال پر جانے کا اعلان کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر ڈی این سنگھ نے کہا، “ہم فوری طور پر ہڑتال پر جا رہے ہیں۔ جب تک قصور واروں کو گرفتار نہیں کر لیا جاتا، ہم کام پر واپس نہیں آئیں گے۔ ‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہم نے ایل جی سے قصورواروں کے خلاف کارروائی کی گزارش کی ہے۔ یہ ایک آئینی بحران ہے۔ میں نے اپنے اتنے سالوں کے کیریئر میں ایسا کچھ بھی نہیں دیکھا ہے۔حالانکہ چیف منسٹرکے دفتر نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی واقعہ پیش ہی نہیں آیا۔

TOPPOPULARRECENT