چیف منسٹر اے پی چندرا بابو نائیڈو کا آج دورہ دہلی

وزیر اعظم نریندر مودی سے مختلف موضوعات پر بات چیت کا منصوبہ

وزیر اعظم نریندر مودی سے مختلف موضوعات پر بات چیت کا منصوبہ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو توقع ہے کہ 15 جنوری کو دہلی کے دورہ پر روانہ ہوں گے اور دہلی پہونچنے کے بعد شام ساڑھے چار بجے مسٹر چندرا بابو نائیڈو ، وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی سے ملاقات کریں گے ۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ نائیڈو اپنی اس ملاقات کے دوران وزیر اعظم سے مختلف موضوعات پر نہ صرف تفصیلی غور و خوض کریں گے بلکہ مختلف مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے لیے موثر اقدامات کرنے کی خواہش کریں گے ۔ علاوہ ازیں بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ عرصہ کے دوران مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست آندھرا پردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے کے دئیے گئے تیقن کی روشنی میں اب فی الفور ریاست آندھرا پردیش کو خصوصی موقف عطا کرنے پر زور دیں گے ۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران مختلف موضوعات بشمول سیاسی صورتحال پر بھی مسٹر چندرا بابو نائیڈو تبادلہ خیال کریں گے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو ، وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی سے ملاقات کے بعد ریاست کے مرکزی سطح پر زیر التواء بعض مسائل کی یکسوئی کروانے کے لیے بعض مرکزی وزراء بشمول نرملا سیتارامن اور اوما بھارتی سے بھی ملاقات کریں گے اور انہیں ( مرکزی وزراء کو ) حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے موصولہ متعدد یادداشتوں کی فی الفور یکسوئی پر زور دیں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT