Thursday , December 13 2018

چیف منسٹر تلنگانہ کی آج مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی سے ملاقات

وزیراعظم سے بھی ملاقات کی مساعی ، مرکزی بجٹ میں نا انصافی ،گفتگو کا اہم موضوع
حیدرآباد۔14۔ فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ توقع ہے کہ کل 15 فروری کو وزیر فینانس ارون جیٹلی سے ملاقات کریں گے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم اور وزیر فینانس سے ملاقات کیلئے وقت مانگا گیا ہے ۔ وزیراعظم کے دفتر میں ابھی تک ملاقات کا وقت مقرر نہیں کیا گیا جبکہ ارون جیٹلی سے جمعرات کو ملاقات متوقع ہے ۔ اس ملاقات میں مرکزی بجٹ میں تلنگانہ سے کی گئی ناانصافیاں اہم موضوع رہیں گی۔ ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ چیف منسٹر اس ملاقات میں ارون جیٹلی کو تلنگانہ کیلئے زائد فنڈس کی اجرائی، آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل میں تعاون، کالیشورم پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دینے اور کسانوں کے مسائل پر نمائندگی کریں گے۔ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون میں تلنگانہ کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے، ان کی تکمیل کے سلسلہ میں مرکز پر دباؤ بنایا جائے گا ۔ واضح رہے کہ ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ نے بجٹ میں ناانصافیوں کے خلاف دونوں ایوانوں میں احتجاج کیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے دہلی میں قیام کے دوران بعض اپوزیشن قائدین سے بات چیت کی۔ تلگو دیشم سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزیر سوجنا چودھری نے کے سی آر سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض دیگر ریاستوں کے چیف منسٹرس سے بھی کے سی آر ربط میں ہیں تاکہ ریاستوں کو درپیش مسائل پر مشترکہ حکمت عملی طئے کی جاسکے۔ چیف منسٹر جمعہ کو حیدرآباد واپس ہوں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر فینانس سے نمائندگی کے سلسلہ میں محکمہ فینانس کے عہدیداروں کو دہلی طلب کیا گیا ہے ۔ چیف سکریٹری بھی دہلی روانہ ہوں گے ۔

TOPPOPULARRECENT