Wednesday , December 12 2018

چیف منسٹر تلنگانہ کی جانب سے وعدوں کا انبار، عمل ندارد

عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھائی جا رہی ہے، کانگریس کے سابق ایم پی پونم پربھاکر کا بیان

عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھائی جا رہی ہے، کانگریس کے سابق ایم پی پونم پربھاکر کا بیان
حیدرآباد /8 اگست (سیاست نیوز) کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر نے تلنگانہ کے عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھانے کا چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر الزام عائد کیا۔ آج یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اپنے آبائی ضلع میں کسانوں پر لاٹھی چارج کرانے کا کے چندر شیکھر راؤ کو اعزاز حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل ناکام ہونے والے کے سی آر مزید نئے نئے وعدے کرکے تلنگانہ عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھا رہے ہیں۔ ترقیاتی اقدامات کے ذریعہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی بجائے چیف منسٹر اپنا سارا وقت دیگر جماعتوں کے قائدین کو اپنی جماعت میں شامل کرنے میں صرف کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھتے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ کسانوں کے قرض معاف نہیں ہوئے، دلتوں کو اراضی فراہم کرنے کے معاملے میں عمل آوری نہیں ہوئی، برقی مسائل حل کرنے میں ٹی آر ایس حکومت کی نااہلی ثابت ہوچکی ہے اور زرعی مسائل سے متاثر ہوکر سیکڑوں کسانوں نے گزشتہ دو ماہ میں خودکشی کی، جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے اور ٹی آر ایس حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرے، ورنہ کانگریس پارٹی عوام کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف احتجاجی مہم کا آغاز کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس نے ٹی آر ایس حکومت کو دو ماہ کی مہلت دی تھی، تاہم ان دو مہینوں میں کوئی ایسا کارنامہ انجام نہیں دیا گیا، جس کی ستائش کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کو اقتدار تک پہنچانے میں اہم رول ادا کرنے والے طلبہ پر لاٹھی چارج کی جا رہی ہے، لہذا کانگریس اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرتے ہوئے حکومت کے خلاف احتجاجی مہم کا آغاز کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT